محبت کی شادی پر باپ بیٹے میں تنازعہ، جان سے ماردینے کی دھمکی، ایم ایل اے پرکاش گوڑ کے بیٹے کا سنسنی خیز دعویٰ!
سنتوش گوڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ شریاشی نامی خاتون سے محبت کرتے ہیں اور دونوں کی 8 جولائی کو باقاعدہ منگنی ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق اس رشتے سے دونوں خاندان مکمل طور پر واقف تھے اور ابتدا میں والدین نے بھی شادی کی اجازت دے دی تھی، جس کے بعد منگنی کی تقریب منعقد ہوئی۔
حیدرآباد: راجندر نگر سے کانگریس کے رکنِ اسمبلی پرکاش گوڑ کے خاندان سے متعلق ایک معاملہ سیاسی اور عوامی حلقوں میں موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ رکنِ اسمبلی کے بیٹے سنتوش گوڑ نے اپنے والد پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ محبت کی شادی کے فیصلے کے بعد ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
سنتوش گوڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ شریاشی نامی خاتون سے محبت کرتے ہیں اور دونوں کی 8 جولائی کو باقاعدہ منگنی ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق اس رشتے سے دونوں خاندان مکمل طور پر واقف تھے اور ابتدا میں والدین نے بھی شادی کی اجازت دے دی تھی، جس کے بعد منگنی کی تقریب منعقد ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ ایک ماہ سے اپنی منگیتر کے گھر میں مقیم ہیں اور اس بات کی اطلاع ان کے اہلِ خانہ کو بھی تھی۔ تاہم ان کا الزام ہے کہ گزشتہ روز تقریباً چالیس افراد نے ان کی منگیتر کے گھر پر حملہ کیا، خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی اور املاک کو نقصان پہنچایا۔ سنتوش گوڑ کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے ثبوت بھی ان کے پاس موجود ہیں۔
سنتوش گوڑ نے مزید دعویٰ کیا کہ ان کے والد پرکاش گوڑ ان کی محبت کی شادی کے خلاف ہیں اور انہی کی ہدایت پر ان کے حامیوں نے یہ حملہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اور ان کی ہونے والی اہلیہ کے خاندان کو جان کا خطرہ ہے، اس لیے پولیس فوری طور پر سیکیورٹی فراہم کرے اور واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے۔
دوسری جانب اس معاملے پر کانگریس کے رکنِ اسمبلی پرکاش گوڑ کی جانب سے خبر لکھے جانے تک کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا تھا۔ پولیس کی جانب سے بھی ان الزامات کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ واقعے نے سیاسی اور عوامی حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ تحقیقات کے بعد ہی معاملے کی حقیقت واضح ہو سکے گی۔