دبئی پولیس نے جعلی میسجنگ ایپس سے شہریوں کو خبردار کیا
پولیس نے ایک کیس کا پردہ فاش کیا ہے جس میں نوجوان نے نادانستہ طور پر جعلسازوں کو رقم منتقل کردی۔
دبئی : دبئی پولیس نے شہریوں کو سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی میسجنگ ایپس سے خبردار کردیا ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس نے رہائشیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپس پر گردش کرنے والی جعلی پارت ٹائم جاب آفرز سے ہوشیار رہیں۔
پولیس نے ایک کیس کا پردہ فاش کیا ہے جس میں نوجوان نے نادانستہ طور پر جعلسازوں کو رقم منتقل کردی۔
دبئی پولیس کے مطابق متاثرہ شخص جس کی شناخت ایس کے نام سے ہوئی ہے، اس نے ایک آن لائن اشتہار کا جواب دیا جس میں پرکشش آفرز کے ساتھ پارٹ ٹائم ملازمت کی پیشکش کی گئی تھی۔
درخواست دینے کے بعد اسے ایک پیغام موصول ہوا جس میں بتایا گیا کہ اسے شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے۔
جعلسازوں نے بیرون ملک فنانشنل سروس کی نمائندگی کرنے کا دعوی کیا اور اسے اپنے نام پر ایک بینک اکاؤنٹ کھولنے یا موجودہ اکاؤنٹ کو استعمال کرنے کی ہدایت کی، جسے انہوں نے انتظامی مقاصد کے طور پر بیان کیا۔
نوجوان کو ایک مقررہ کمیشن کے عوض رقم دوسرے اکاؤنٹس میں بھیجنے کی ہدایت کی گئی۔ اسے بتایا گیا کہ ٹرانسفرز کسٹمر کے لین دین کی کارروائی کا حصہ ہیں اور اس سے جاری کام اور مستقل پوزیشن کا وعدہ کیا گیا تھا۔
دبئی پولیس نے بعد میں اس کے اکاؤنٹ میں ہونے والی لین دین کا سراغ لگایا اور اسے پوچھ گچھ کے لیے بلایا۔
تفتیش کے دوران نوجوان نے بتایا کہ اسے یقین تھا کہ وہ ایک فنانشنل سروس کمپنی کے لیے کام کر رہا ہے اور وہ اس بات سے بے خبر تھا کہ یہ جعلساز ہیں۔