جوبلی ہلز سے اظہر کے خلاف فراز الدین مجلسی امیدوار
کل ہند مجلس اتحادالمسلمین نے پارٹی کے کارپوریٹر محمد راشد فراز الدین کو حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز سے میدان میں اتارا ہے۔
حیدرآباد: کل ہند مجلس اتحادالمسلمین نے پارٹی کے کارپوریٹر محمد راشد فراز الدین کو حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز سے میدان میں اتارا ہے۔
وہ کانگریس امیدوار سابق کرکٹر محمد اظہر الدین کے خلاف الیکشن لڑیں گے۔ راشد فراز الدین‘شیخ پیٹ ڈیویژن کے مجلس کے کارپوریٹر ہیں۔
صدر مجلس اسدالدین اویسی نے پیر کے روز سوشیل میڈیا کے پلاٹ فام ایکس پر حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز سے راشد فراز الدین کو پارٹی ٹکٹ دینے کااعلان کیا۔
حلقہ جوبلی ہلز سے مجلس کے امیدوار بنانے پر فراز نے صدر پارٹی اسدالدین اویسی‘ اکبر الدین اویسی سے اظہار تشکر کیا۔
کانگریس پارٹی نے اس حلقہ سے سابق ایم پی و ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کو امیدوار بنایا ہے جبکہ حکمراں جماعت بی آر ایس نے اس حلقہ سے موجودہ رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ کو دوبارہ ٹکٹ دیاہے۔
گوپی ناتھ‘2014 میں ٹی ڈی پی ٹکٹ پر حلقہ جوبلی ہلز سے منتخب ہوئے تھے مگر بعد میں وہ بی آر ایس میں شامل ہوگئے تھے۔ 2018 کے اسمبلی الیکشن میں انہوں نے بی آر ٹکٹ پر دوبارہ منتخب ہوئے۔