حملہ کا خدشہ، دنیا کی بڑی فضائی کمپنیوں نے اسرائیل کیلئے پروازیں منسوخ کردیں
جرمنی کی فضائی کمپنی لفتھانسا گروپ نے بھی تل ابیب کیلئے فلائٹ آپریشن روک دیا ہے، اس کے علاوہ سوئس، برٹش ایئرلائنز، آسٹرین ایئرلائنز اور ایئرانڈیا نے بھی اسرائیل کے لیے تمام پروازیں منسوخ کردی ہیں۔
تل ابیب : دنیا کی بڑی فضائی کمپنیوں نے حملے کے خدشے کے پیش نظر اسرائیل کیلئے پروازیں منسوخ کردیں۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کی بڑی فضائی کمپنیوں نے سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر اسرائیل کیلئے پروازیں منسوخ کردی ہیں۔
جس کے باعث تل ابیب کے بن گوریان ایئرپورٹ پرہزاروں مسافر پھنس گئے، اسرائیل کی کارروائی سے خوفزدہ یونائیٹڈ ایئر لائنز اورڈیلٹا نے اسرائیل کیلئے تمام پروازیں منسوخ کیں۔
جرمنی کی فضائی کمپنی لفتھانسا گروپ نے بھی تل ابیب کیلئے فلائٹ آپریشن روک دیا ہے، اس کے علاوہ سوئس، برٹش ایئرلائنز، آسٹرین ایئرلائنز اور ایئرانڈیا نے بھی اسرائیل کے لیے تمام پروازیں منسوخ کردی ہیں۔
یہ منسوخی سفارت کاروں کے ان خدشات کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حالیہ صیہونی حملوں کے بعد علاقائی جنگ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
یاد رہے اسرائیل کی جانب سے منگل کی رات جنوبی بیروت میں ایک عمارت پر فضائی حملے میں 63 سالہ شکر کی ہلاکت کے اعلان کے بعد اسرائیل میں سکیورٹی کشیدگی بڑھ گئی تھی تاہم حزب اللہ نے بدھ کی شام شکر کے قتل کی تصدیق کی۔
چند گھنٹے بعد سیاسی بیورو چیف اسماعیل ہنیہ کو تہران میں ان کی رہائش گاہ پر حملے میں قتل کردیا گیا تھا، ہنیہ ایران کے نئے صدر مسعود پیزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے ایرانی دارالحکومت پہنچے تھے۔
واضح رہے اپریل میں، اسرائیل نے ایران کے ایک بھاری ڈرون اور میزائل حملے کی وجہ سے اپنی فضائی حدود کو سات گھنٹے کے لیے بند کر دیا تھا، جو دمشق میں تہران کے سفارت خانے پر اسرائیلی فضائی حملے کے جواب میں کیا گیا تھا۔ اس حملے میں ایرانی قدس فورس کے ایک اعلیٰ افسر سمیت 16 افراد ہلاک ہوئے تھے۔