آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت، آٹو رکشا ڈرائیورس ‘‘بھیک مانگنے پر مجبور‘‘(ویڈیو)
تلنگانہ آرٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت کے بعد آٹو ڈرائیورس پریشانی کا شکار ہیں اور وہ اپنے نقصان پر سراپا احتجاج ہیں۔
حیدرآباد: تلنگانہ آرٹی سی بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت کے بعد آٹو ڈرائیورس پریشانی کا شکار ہیں اور وہ اپنے نقصان پر سراپا احتجاج ہیں۔
احتجاج کی ایک غیر روایتی شکل میں میڑچل کے آٹو رکشا ڈرائیوروں نے تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (TSRTC) کی بسوں میں خاتون مسافروں کے سامنے بھیک مانگتے ہوئے عوام کے سامنے انوکھا احتجاج درج کرایا۔
یہ منفرد مظاہرہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے خواتین کے لئے مفت بس سفر کی سہولت کی فراہمی کے نتیجہ میں ان ڈرائیوروں کو درپیش معاشی مشکلات کی طرف توجہ دلانے کے لئے کیا گیا۔
آر ٹی سی بسوں میں خواتین کے لئے مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے ریاستی حکومت کے اقدام کا مقصد خواتین کی حفاظت اور عوامی نقل و حمل تک ان کی آسان رسائی کو یقینی دینا تھا۔
تاہم اس کے نتیجہ میں آٹو رکشا ڈرائیورس کا کافی نقصان ہورہا ہے کیونکہ خواتین اب آٹو رکشا کے مقابلہ آر ٹی سی بس میں مفت سفر کو توجیح دے رہی ہیں۔ اس طرح ڈرائیوروں کی روزی روٹی متاثر ہوئی ہے جو روزانہ خواتین کے ذریعہ اچھی خاصی آمدنی حاصل کرلیتے تھے۔
تاہم مسلسل نقصان کے باعث آٹو رکشا ڈرائیوروں نے احتجاج کی اس غیر معمولی شکل کے ذریعے اپنی حالت زار کی طرف حکومت کی توجہ مبذول کرانے کا فیصلہ کیا۔
میڑچل میں انہوں نے آر ٹی سی بسوں میں خاتون مسافروں کے سامنے بھیک مانگ کر احتجاج کیا تاکہ ان مالی چیلنجوں کو اجاگر کیا جاسکے جن کا سامنا وہ مسافروں کی ترجیحات میں تبدیلی کی وجہ سے کر رہے ہیں۔
یہ احتجاج نہ صرف توجہ طلب ہے بلکہ آٹو رکشہ ڈرائیوروں کی روزی روٹی پر پڑنے والے منفی اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی پالیسی پر نظر ثانی کی درخواست بھی کرتا ہے۔
آٹو ڈرائیورس کو امید ہے کہ ان کا منفرد مظاہرہ کے باعث حکومت کی توجہ ان کی جانب مبذول ہوگی۔ بس میں احتجاج کے دوران انہوں نے انصاف کے لئے نعرے بھی لگائے۔