تعلیم و روزگار

روزگار کی خاطر امریکہ جانے کے خواہشمندوں کے لئے سنہری موقع

امریکہ کو اپنے ماحولیاتی مقاصد حاصل کرنے کے لئے مزید 10 لاکھ الیکٹریشنز درکار ہیں اور ملک میں مرد الیکٹریشنز کی مطلوبہ تعداد کی کمی کے باعث خواتین کو بھی اس شعبے میں شامل کرنے کی ضرورت پیدا ہوگئی ہے۔

نیویارک: امریکہ میں غیرملکیوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں جس کے تحت مرد و خواتین اپنی قسمت آزمائی کیلئے اپلائی کرسکتے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کو اپنے ماحولیاتی مقاصد حاصل کرنے کے لئے مزید 10 لاکھ الیکٹریشنز درکار ہیں اور ملک میں مرد الیکٹریشنز کی مطلوبہ تعداد کی کمی کے باعث خواتین کو بھی اس شعبے میں شامل کرنے کی ضرورت پیدا ہوگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق عام طور پر الیکٹریکل کام خصوصی طور پر مرد کرتے ہیں۔ امریکہ کے بیورو آف لیبر اسٹیٹسٹکس کے مطابق ملک میں صرف دو فیصد الیکٹریشن خواتین ہیں۔ یہ ایک ایسا شعبہ بھی ہے جسے مزدوروں کی بہت زیادہ کمی کا سامنا ہے کیونکہ ملک فاسل فیول سے ہٹ کر کاروں اور صنعتوں کو بجلی پر منتقل کرنے کی طرف جاتا نظر آرہا ہے۔

ری وائرنگ امریکہ ایک الیکٹریفیکیشن غیر منافع بخش ادارہ ہے جس کے مطابق امریکہ کو اپنے ماحولیاتی اہداف کو پورا کرنے میں مدد کے لئے سولر پینلز، ہیٹ پمپس اور الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنوں کی تنصیب جیسے تازہ اقدامات کے لئے مزید 10 لاکھ الیکٹریشنز کی ضرورت ہوگی۔

اس فیلڈ میں بہت مواقع ہیں، جیسا کہ مصنف اور صحافی بل میک کیبن نے نیویارک ٹائمز کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ ”اگر آپ کسی ایسے نوجوان کو جانتے ہیں جو کوئی ایسا کام کرنا چاہتا ہے جو دنیا کی مدد کرنے والا ہو اور ساتھ ہی ساتھ اچھی زندگی گزارنا چاہتا ہو، تو اسے کہیں، جاؤ الیکٹریشن بن جاؤ۔“

بیورو آف لیبر اسٹیٹسٹکس کے مطابق 2021 میں ایک الیکٹریشن کی اوسط سالانہ تنخواہ 60,000 امریکی ڈالرز سے زیادہ تھی لیکن کچھ ماسٹر الیکٹریشن چھ عددی ڈالرز پر مشتمل تنخواہ حاصل کرتے ہیں۔

ریوائرنگ امریکہ کے ریسرچ کے سربراہ سیم کالش کا کہنا ہے کہ اگلی دہائی کے دوران اوسطاً ہر سال الیکٹریشنز کے 80ہزار مواقع صرف ان لوگوں کی جگہ لینے کے لئے ہوں گے جو یا تو ریٹائر ہو جاتے ہیں یا مختلف ملازمتوں پر منتقل ہوتے ہیں۔