حجاج کرام کیلئے خوشخبری، عرفات ، منیٰ اور مزدلفہ میں نئی آرام گاہیں بنانے کا فیصلہ
مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل کو حج انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ وادی منیٰ میں پیدل چلنے والے حجاج کے لیے 50 ہزار مربع میٹر کا رقبہ سایہ دار بنایا جا رہا ہے، تاکہ گرمی سے مؤثر تحفظ حاصل ہو۔

مکہ مکرمہ: سعودی عرب نے حج کے دوران حجاج کرام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں مختلف مقامات پر نئی آرام گاہیں قائم کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔
یہ اقدام شدید گرمی اور بھیڑ بھاڑ کے دوران حجاج کو آرام، سایہ اور سکون مہیا کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے، تاکہ انہیں مشقت اور تکلیف کا سامنا نہ ہو۔
مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل کو حج انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ وادی منیٰ میں پیدل چلنے والے حجاج کے لیے 50 ہزار مربع میٹر کا رقبہ سایہ دار بنایا جا رہا ہے، تاکہ گرمی سے مؤثر تحفظ حاصل ہو۔
اسی طرح جبل الرحمہ کے مقام پر 60 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر شیڈز نصب کیے جا رہے ہیں، اور ساتھ ہی ٹھنڈی پھوار والے پنکھے بھی لگائے جا رہے ہیں تاکہ حجاج کرام کو راحت اور ٹھنڈک میسر آ سکے۔
یہ اقدامات گزشتہ حج سیزن کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں، جب کئی حجاج کو شدید گرمی اور زیادہ ہجوم کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ رواں سال کے حج کے دوران حجاج کرام کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے، تاکہ عبادات پر یکسوئی کے ساتھ توجہ دی جا سکے۔