تلنگانہ

تلنگانہ میں مزید دودن تک موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی، کئی اضلاع کیلئے ریڈ، اورنج اور یلو الرٹ جاری

ریڈ الرٹ عادل آباد، کومرم بھیم آصف آباد، نرمل، منچریال اور جگتیال اضلاع کے لیے جاری کیا گیا ہے، جہاں انتہائی موسلا دھار بارش کا خدشہ ہے۔

حیدرآباد: محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے تلنگانہ میں آئندہ دو روز تک موسلا دھار سے انتہائی موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے ریاست کے مختلف اضلاع کے لیے ریڈ، اورنج اور یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ کے مطابق، اس وقت شدید کم دباؤ کا نظام (ڈیپ ڈپریشن) چھتیس گڑھ کے اوپر موجود ہے، جس کے اثرات تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔ اسی باعث ریاست کے بیشتر اضلاع میں تیز بارش، گرج چمک اور بعض مقامات پر انتہائی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ریڈ الرٹ عادل آباد، کومرم بھیم آصف آباد، نرمل، منچریال اور جگتیال اضلاع کے لیے جاری کیا گیا ہے، جہاں انتہائی موسلا دھار بارش کا خدشہ ہے۔

اسی طرح اورنج الرٹ نظام آباد، کاماریڈی، راجنا سرسلہ، کریم نگر، پداپلی، جئے شنکر بھوپال پلی اور ملوگو اضلاع کے لیے نافذ کیا گیا ہے۔

جبکہ یلو الرٹ سنگاریڈی، وکار آباد، رنگا ریڈی، میڑچل-ملکاجگیری، حیدرآباد، سدی پیٹ، ہنمکنڈہ، جنگاؤں، ورنگل، محبوب آباد اور بھدرادری کوتہ گوڑم اضلاع کے لیے جاری کیا گیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ صرف چار روز قبل تک ریاست میں تقریباً 30 فیصد بارش کی کمی ریکارڈ کی جا رہی تھی، تاہم گزشتہ دو دنوں کے دوران ہونے والی مسلسل بارش کے باعث مجموعی بارش کا تناسب اب معمول کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں احتیاط برتیں، پانی سے بھرے ہوئے راستوں سے دور رہیں اور محکمۂ موسمیات و مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔