مشرق وسطیٰ

امریکی حملوں سے ہرمزگان کا ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر بری طرح متاثر

116 ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز آف لائن ہو گئے، جس سے خطے کی اہم مواصلاتی خدمات متاثر ہوئیں۔

تہران :   ایران کے ایک سرکاری اہلکار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حملوں کے نتیجے میں جنوبی صوبہ ہرمزگان میں 116 ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز غیرفعال ہو گئے ہیں، جس سے متعدد علاقوں میں مواصلاتی خدمات متاثر ہوئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹاورز کے غیرفعال ہونے کے باعث شمالی بندر عباس اور حاجی آباد میں لینڈ لائن، موبائل فون اور انٹرنیٹ خدمات میں خلل پیدا ہوا ہے۔

ہرمزگان کے ڈائریکٹر جنرل برائے کمیونیکیشن نے بتایا کہ امریکی حملوں کے نتیجے میں 116 ٹیلی کمیونیکیشن ٹاورز آف لائن ہو گئے، جس سے خطے کی اہم مواصلاتی خدمات متاثر ہوئیں۔

انہوں نے ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کو بتایا کہ حملوں سے مواصلاتی ٹریفک اور بینڈوتھ ٹرانسمیشن لائنوں کو بھی نقصان پہنچا، جس کے باعث اہم انفراسٹرکچر متاثر ہوا۔

اہلکار کے مطابق حملوں کے بعد صوبے کے بعض شمالی علاقوں میں لینڈ لائن، موبائل فون اور انٹرنیٹ خدمات منقطع ہو گئیں، تاہم تکنیکی عملے نے متاثرہ نیٹ ورک کی بحالی کا کام فوری طور پر شروع کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہرمزگان اور پڑوسی صوبوں سے آلات اور آپریشنل ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں تاکہ بندر عباس، حاجی آباد اور دیگر متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی رابطے جلد از جلد بحال کیے جا سکیں۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ نقصان کی مکمل نوعیت کا ابھی اندازہ نہیں لگایا جا سکا، کیونکہ تشخیصی ٹیمیں متاثرہ علاقوں کا سروے کر رہی ہیں۔