حیدرآباد آنے والی کرناٹک کی بس کا لاری سے تصادم، 18مسافر زخمی
تلنگانہ کے نارائن پیٹ ضلع کی قومی شاہراہ 167 پر جمعرات کی صبح ایک پرائیویٹ لگژری بس کے ٹرک سے ٹکرانے کے نتیجہ میں 18 مسافر زخمی ہوگئے، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے نارائن پیٹ ضلع کی قومی شاہراہ 167 پر جمعرات کی صبح ایک پرائیویٹ لگژری بس کے ٹرک سے ٹکرانے کے نتیجہ میں 18 مسافر زخمی ہوگئے، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ حادثہ نرسی ریڈی پلی اور جکلیر دیہاتوں کے درمیان اس وقت پیش آیا جب بس کرناٹک کے شموگہ سے حیدرآباد کی جانب 29 مسافروں کو لے کر جا رہی تھی۔
پولیس کے مطابق، بس کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ تیز رفتاری کے باعث بس، ٹرک کے پچھلے حصہ سے ٹکرا گئی۔
تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لئے مکتھل کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں بہتر علاج کے لئے کرناٹک کے رائچور اور تلنگانہ کے محبوب نگر کے اسپتالوں میں داخل کروایا گیا۔
تشویشناک حالت میں زخمی ہونے والوں میں بس ڈرائیور بھی شامل ہے۔ حادثہ کے فوراً بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔