سوشیل میڈیا

ایم ایل ایز خریدی معاملہ، ہائیکورٹ نے ملزمین کو ریمانڈ پر دینے کی اجازت دے دی

عدالت نے ملزمین کو سائبرآباد کے کمشنر پولیس اسٹیفن رویندرا کے سامنے فوری طور پر خودسپردگی کا حکم دیا۔ بنچ نے کہا کہ اگر ملزمین خودسپردگی اختیار نہیں کرتے تو پولیس، انہیں گرفتار کرکے اے سی بی کورٹ میں پیش کرے۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں سنسنی پھیلانے والے حکمران جماعت ٹی آرایس کے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کے معاملہ میں آج اُس وقت نیاموڑ آیا جب ریاستی ہائی کورٹ نے اس معاملہ کے تینوں ملزمین کو ریمانڈ پر دینے کی اجازت دیدی۔

عدالت نے ملزمین کو سائبرآباد کے کمشنر پولیس اسٹیفن رویندرا کے سامنے فوری طور پر خودسپردگی کا حکم دیا۔ بنچ نے کہا کہ اگر ملزمین خودسپردگی اختیار نہیں کرتے تو پولیس، انہیں گرفتار کرکے اے سی بی کورٹ میں پیش کرے۔

سائبرآباد پولیس نے رام چندر بھارتی عرف ستیش شرما،کے نندو کمار عرف نندو اور سمہاایاجی کو برسراقتدارجماعت ٹی آرایس کے چار ارکان اسمبلی کی خریداری کے معاملے میں گرفتار کیا اور انہیں اے سی بی جج کے سامنے پیش کیاتھا۔

 پولیس نے تینوں کوریمانڈ میں دینے کی خواہش کی تھی تاہم جج نے پولیس کی ریمانڈ کی درخواست کو مسترد کر دیاتھا۔جمعرات کو اے سی بی کی خصوصی عدالت کے جج نے تینوں ملزمین کو ریمانڈ دینے سے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا تھا کہ ارکان اسمبلی کی خریداری کی کوشش کے الزامات کا کوئی مناسب ثبوت نہیں ہے۔ انہیں فوری طور پر رہا کیا جانا چاہئے۔

ملزمین کو پولیس نے جمعرات کی رات جج کے حکم پر رہا کر دیاتھااوراسی دوران سائبرآباد پولیس نے ہائی کورٹ میں ایک عرضی داخل کرتے ہوئے اے سی بی کی خصوصی عدالت کے جج کے ریمانڈ دینے سے انکار کو چیلنج کیا۔

جمعہ کو پولیس کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے اہم احکامات جاری کئے۔ عدالت نے تینوں ملزمین کو حیدرآباد نہ چھوڑنے کی شرط رکھی تھی۔ عدالت نے ملزمین کو ہدایت دی تھی کہ وہ اپنے رہائشی پتے سائبرآباد پولیس کمشنر کے حوالے کریں۔ ہائی کورٹ نے سائبرآباد پولیس کی نظرثانی کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے ان کو ریمانڈ میں دینے کے احکام جاری کئے۔