سندھو اور آیوش شیٹی کے ساتھ آسٹریلین اوپن میں ہندوستان کا مضبوط چیلنج
سڈنی کے اولمپک بولیوارڈ میں واقع 'کویسینٹر' میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز ڈرا میں پی وی سندھو ہندوستان کی 8 رکنی بڑی ٹیم کی ہیڈ ہوں گی
سڈنی : اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو، ایچ ایس پرنئے اور نوجوان اسٹار آیوش شیٹی منگل سے شروع ہونے والے آسٹریلین اوپن 2026ء بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں 24 رکنی مضبوط ہندوستانی اسکواڈ کی قیادت کریں گے۔رپورٹ کے مطابق، گزشتہ سال کے مردوں کے سنگلز چیمپئن لکشیا سین اور سابق چیمپئن کدامبی سری کانت اس بار اس اہم ٹورنامنٹ میں ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے۔
سڈنی کے اولمپک بولیوارڈ میں واقع ‘کویسینٹر’ میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز ڈرا میں پی وی سندھو ہندوستان کی 8 رکنی بڑی ٹیم کی ہیڈ ہوں گی۔ان کے علاوہ مالویکا بنسوڈ، انمول کھرب، تنوی شرما، اشرانی بروا، آکرشی کشیپ اور تانیا ہیم ناتھ۔ بھی ہوں گی۔جبکہ عماد فاروقی سامیہ کوالیفائرز کے ذریعے اپنے سفر کا آغاز کریں گی۔واضح رہے کہ اس بار آسٹریلین اوپن کے ویمنز ڈبلز زمرے میں کوئی بھی ہندوستانی جوڑی حصہ نہیں لے رہی ہے۔
ایشین گیمز کے چیمپئن ساتوک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی اسٹار جوڑی بھی سڈنی میں مینز ڈبلز کا حصہ نہیں ہوگی۔ گزشتہ ہفتے انڈونیشیا اوپن کے دوران ساتوک کے کندھے میں چوٹ (انجری) لگنے کے باعث یہ جوڑی ٹورنامنٹ سے باہر ہوئی ہے۔ان کی عدم موجودگی میں، جکارتہ میں کوارٹر فائنل تک پہنچنے والی ایم آر ارجن اور ہری ہرن امسا کرونن کی جوڑی اس خلا کو پر کرنے اور اپنی بہترین فارم کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔ ان کے علاوہ، اچیوتادتیہ راؤ ڈوڈاورپو اور ارجن ریڈی پوچانا کی جوڑی ‘اورلینز ماسٹرز’ کے بعد اس سال اپنے دوسرے بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹور ایونٹ میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔