امریکہ و کینیڈا

امریکی فوڈ فیسٹیول میں اندھا دھند فائرنگ، 3 ہلاک، 4 زخمی  ویڈیو وائرل

علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے

سیئٹل : امریکہ کے شہر سیئٹل میں منعقدہ ایک فوڈ فیسٹیول اس وقت خوف و ہراس کا منظر بن گیا جب اچانک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ تازہ اطلاعات کے مطابق فائرنگ میں 3 افراد ہلاک جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

امریکی پولیس کے مطابق واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ دوسرے مشتبہ ملزم کی تلاش جاری ہے۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق دو مسلح افراد ایک دوسرے پر فائرنگ کر رہے تھے، تاہم گولیاں قریب موجود افراد کو بھی لگیں، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ہے

حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس واقعے کے محرکات، ملزمان کے باہمی تعلق اور فائرنگ کی اصل وجہ جاننے کے لیے مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔

واقعے کے بعد فوڈ فیسٹیول کو فوری طور پر بند کر دیا گیا، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تحقیقات مکمل ہونے تک متاثرہ علاقے سے دور رہیں۔ پولیس نے عینی شاہدین سے بھی معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔