بے قصور کشمیریوں کو سزاء نہ دی جائے۔مرکزی حکومت سے میر واعظ عمر فاروق اور محبوبہ مفتی کا مطالبہ
حریت کانفرنس کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے اتوار کے دن مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ پہلگام دہشت گرد حملہ کے متاثرین کو انصاف دلانے کی کارروائی میں بے قصور کشمیریوں کو سزاء نہ دے۔

سری نگر (پی ٹی آئی) حریت کانفرنس کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق نے اتوار کے دن مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ پہلگام دہشت گرد حملہ کے متاثرین کو انصاف دلانے کی کارروائی میں بے قصور کشمیریوں کو سزاء نہ دے۔
اُنہوں نے وادی میں کئی مبینہ دہشت گردوں کے مکانات ڈھائے جانے کے بعد یہ ریمارکس کئے۔ میر واعظ نے ایکس پر پوسٹ میں کہاکہ کشمیر نے اجتماعی طورپر سفاکانہ جرم کی مذمت کی ہے۔ خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچانا لازمی ہے۔ اندھا دھند گرفتاریاں اور مکانات ڈھائے جانے کی سوشل میڈیا پر زیر گشت ویڈیوز تکلیف دہ ہیں۔
حکام سے میری گزارش ہے کہ متاثرین کو انصاف دلانے کیلئے بے قصور کشمیری کنبوں کو سزاء نہ دی جائے۔ کشمیر میں حکام نے دہشت گرد ایکو سسٹم کے خلاف بڑی مہم چلارکھی ہے۔ 9 دہشت گردوں یا اوور گراؤنڈ ورکرس کے مکانات ڈھادیئے گئے۔
پہلگام حملہ کے بعد جموں وکشمیر میں سیکورٹی ایجنسیوں نے دہشت گردوں کے خلاف بڑی مہم چھیڑ رکھی ہے، ایسے میں پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے اتوار کے دن کہاکہ مرکز کو احتیاط سے کام لینا چاہئے۔ اُسے کوشش کرنی چاہئے کہ بے قصور لوگوں میں بیگانگی کا احساس پیدا نہ ہو۔
اُنہوں نے ایکس پر پوسٹ میں کہاکہ حکومت ہند کو دہشت گردوں اور سیویلینس میں فرق کرنا ہوگا۔ اُسے احتیاط کرنی ہوگی ورنہ بے قصور لوگ اور وہ لوگ جو دہشت گردی کے خلاف ہیں کہیں حکومت سے کٹ نہ جائیں۔ سابق چیف منسٹر نے کہاکہ خبر ہے کہ ہزاروں لوگوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور عسکریت پسندوں کے ساتھ ساتھ عام کشمیریوں کے بھی مکانات ڈھائے جارہے ہیں۔
محبوبہ مفتی نے کہاکہ حکومت سے میری اپیل ہے کہ حکام کو احتیاط سے کام لینے کی ہدایت دی جائے۔ عام لوگوں پر مار نہ پڑے ورنہ اُن میں احساس بیگانگی پیدا ہوگا اور دہشت گرد پھوٹ ڈالنے اور خوف پیدا کرنے کے اپنے مقصد میں کامیاب رہیں گے۔