ایران کی بحریہ نے خلیج عُمان میں مارشل جزائر کے جھنڈے والے ایک جہاز کوقبضے میں لے لیا
سرکاری میڈیا کے مطابق فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ واقعہ بدھ کی رات خلیج میں پیش آیا جس کے نتیجے میں عملہ کے متعدد ایرانی ارکان لاپتا اور زخمی ہوگئے۔
تہران: ایرانی فوج نے جمعرات کے روزکہا ہے کہ اس کی بحریہ نے خلیج عُمان میں مارشل جزائر کے جھنڈے والے ایک جہاز کوقبضے میں لے لیا ہے۔یہ جہازایک ایرانی کشتی سے ٹکرا گیا تھا اورپھرموقع سے فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔
سرکاری میڈیا کے مطابق فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ واقعہ بدھ کی رات خلیج میں پیش آیا جس کے نتیجے میں عملہ کے متعدد ایرانی ارکان لاپتا اور زخمی ہوگئے۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق بیان میں کہاگیا ہے کہ ایرانی بحری افواج نے بعد میں خلیج عُمان میں فرارہونے والے جہازکوروک لیا اور اس کارُخ ایران کے ساحلی پانیوں کی طرف موڑدیا۔
امریکی بحریہ نے اس واقعہ کے بارے میں ایک مختلف مؤقف پیش کیا ہے۔اس نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ایرانی فورسز نے خلیج عمان میں بین الاقوامی پانیوں سے گذرتے ہوئے مارشل جزائرکے جھنڈے والے آئل ٹینکرایڈوانٹیج سویٹ کو قبضے میں لے لیا۔
امریکی بحریہ نےایران کی جانب سے بحری جہازوں کومسلسل ہراساں کرنے اورعلاقائی پانیوں میں جہاز رانی کے حقوق میں مداخلت پرتنقید کی اوراس آئل ٹینکر کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
بیان میں کہاگیاہے کہ گذشتہ دوبرسوں کے دوران میں ایران نے مشرق اوسط میں سفرکرنے والے پانچ تجارتی بحری جہازوں کوغیرقانونی طورپرتحویل میں لیا ہے۔