تلنگانہ

تلنگانہ بھرمیں شدید سردی کی لہر

ریاست تلنگانہ‘شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ ریاست کے کئی اضلاع میں رات کا درجہ حرارت 10 ڈگری سلسیس سے کم درج کیاگیا ہے۔

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ‘شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ ریاست کے کئی اضلاع میں رات کا درجہ حرارت 10 ڈگری سلسیس سے کم درج کیاگیا ہے۔

گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ضلع کاماریڈی کا ڈونگلی مقام ریاست کا سرد مقام رہا جہاں اقل ترین درجہ حرارت 5.9 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کی جانب سے جمعہ کے روز جاری کردہ ریلیز میں بتایا گیا کہ ضلع سنگاریڈی کے نیالکل میں اقل ترین درجہ حررات 6.6 ڈگری سلسیس درج کیا گیا جبکہ ضلع عادل آباد کے پوچیرہ اوربیلہ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 7اور 7.3 ڈگری سلسیس ریکارڈکیاگیا۔

جن اضلاع میں رات کا درجہ حرارت 10ڈگری سلسیس سے کم درج کیا گیا ہے ان میں نظام آباد‘ سنگاریڈی‘ سدی پیٹ‘ کاماریڈی‘کریم نگر‘ میدک‘نرمل‘ سرسلہ‘ جگتیال‘ وقارآباد‘ رنگاریڈی‘ عادل آباد‘ میڑچل ملکاجگری منچریال اوردیگرکئی مقامات شامل ہیں۔

شدید سردی کی وجہ سے رات اورصبح کے اوقات میں عوام کومشکلات کاسامنا ہے۔ شہر حیدرآباد میں کل رات اقل ترین درجہ حرارت 14.4 ڈگری سلسیس ریکارڈکیاگیا۔سکندرآباد میں اقل ترین درجہ حرات 12.4 ڈگری سلسیس درج کیاگیا۔

طوفان منڈوس کے زیر اثر 10 اور 12 دسمبر کے درمیان شہر حیدرآبادکے مختلف مقامات پرہلکی بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔