کھڑگے، راہل، پرینکا گاندھی نے اندرا گاندھی کے یوم پیدائش پر انہيں خراج عقیدت پیش کیا
آج کانگریس ذات پر مبنی مردم شماری اور ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کے لیے ریزرویشن کی حد کو 50 فیصد سے بڑھا کر اندرا گاندھی کے نظریات کو آگے بڑھا رہی ہے۔
نئی دہلی: کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے آج سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کے 107 ویں یوم پیدائش پر ان کی سمادھی شکتی اسٹھل پر جاکر خراج عقیدت پیش کیا۔
بعد میں مسٹر کھڑگے نے انہیں اندرا گاندھی کے ایک قول کے ساتھ انہیں یاد کرتے ہوئے کہا، "ہم نے یقین کیا ہے اور ہم اب بھی مانتے ہیں کہ آزادی ناقابل تفریق ہے، یہ کہ امن ناقابل تفریق ہے، کہ اقتصادی خوشحالی ناقابل تفریق ہے۔”
انہوں نے اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا، "کروڑوں ہندوستانی "آئرن لیڈی” محترمہ اندرا گاندھی کی زندگی سے تحریک لیتے رہیں گے۔
اندرا گاندھی زندگی بھر جدوجہد، ہمت اور سرگرم قیادت کی علامت تھیں جنہوں نے ملک کی تعمیر میں بے لوث کردار ادا کیا۔ انہوں نے ہندوستان کے اتحاد اور سالمیت کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کی۔
ان کے یوم پیدائش پر ہمارا پرخلوص خراج عقیدت۔”
مسٹر راہل گاندھی نے اپنی دادی کو یاد کرتے ہوئے اپنی اور پرینکا گاندھی کی اپنی دادی کی گود میں بیٹھنے کی تصویر بھی شیئر کی۔
تصویر پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دادی ہمت اور محبت دونوں کی مثال تھیں۔ ان سے ہی میں نے سیکھا ہے کہ قومی مفاد کے راستے پر بے خوف ہو کر چلنا ہی اصل طاقت ہے۔
ان کی یادیں ہی میری طاقت ہیں جن سے ہمیشہ مجھے رہنمائی حاصل ہوتی ہے۔’
محترمہ پرینکا گاندھی نے کہا، "میری دادی محترمہ اندرا گاندھی نے ہمیشہ مہاراشٹر کے نندوربار سے اپنی انتخابی مہم شروع کی ہے۔
ان کا ماننا تھا کہ قبائلی سماج کی ثقافت بہترین اور منفرد ہے کیونکہ یہ فطرت کا احترام اور تحفظ کرتے ہیں۔
جب وہ وزیر اعظم بنیں تو انہوں نے قبائلی برادریوں کو بااختیار بنانے کے لیے بہت سے اہم قوانین بنائے۔
انہوں نے اپنی پالیسیوں سے قبائلیوں، دلتوں، پسماندہ لوگوں اور غریبوں کو سب سے زیادہ مضبوط کیا۔
آج کانگریس ذات پر مبنی مردم شماری اور ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کے لیے ریزرویشن کی حد کو 50 فیصد سے بڑھا کر اندرا گاندھی کے نظریات کو آگے بڑھا رہی ہے۔
دادی! آپ کا دیا ہوا خدمت اور اقدار کا سبق ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گا۔”