چراگاہوں پرچین کے قبضہ سے لداخی پریشان: راہول گاندھی
راہول گاندھی نے کہاکہ کہا کہ لداخ میں سبھی لوگوں کا کہنا ہے کہ چینی فوج نے دراندازی کی اور ان کے جانوروں کے چراگاہوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ وہ لوگ اب اپنے جانور وہاں چرانے کیلئے نہیں لے جاسکتے۔

لیہہ: کانگریس قائد راہول گاندھی نے اتوار کے دن دعویٰ کیاکہ وزیراعظم نریندرمودی کا یہ دعویٰ صحیح نہیں ہے کہ لداخ میں ایک انچ زمین پر بھی چین کا قبضہ نہیں ہوا۔
راہول گاندھی نے اپنے والد اور سابق وزیراعظم راجیوگاندھی کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت ادا کرنے کے بعد کہا کہ لداخ کے عوام اپنی چراگاہوں کے تعلق سے پریشان ہیں جن پر چینی فوج نے قبضہ کررکھا ہے۔ راہول گاندھی لداخ کے دورہ پر ہیں۔
انہوں نے میڈیا سے کہا کہ لداخ میں سبھی لوگوں کا کہنا ہے کہ چینی فوج نے دراندازی کی اور ان کے جانوروں کے چراگاہوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ وہ لوگ اب اپنے جانور وہاں چرانے کیلئے نہیں لے جاسکتے۔
یہ لوگ واضح طور پرکہہ رہے ہیں کہ وزیراعظم نریندری مودی کا یہ کہنا سچ پرمبنی نہیں ہے کہ ہماری ایک انچ زمین پربھی کسی نے قبضہ نہیں کیا۔ کانگریس قائد نے کہا کہ وہ اپنی بھارت جوڑو یاترا کے دوران لداخ آنے کا منصوبہ رکھتے تھے لیکن بعض لاجسٹک وجوہات کی بنیاد پر اسے ملتوی کردیاگیاتھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سوچا کہ یہاں آناچاہئیے اور لداخ کا تفصیلی دورہ کرناچاہئیے۔ میں پینگانگ جھیل آیا اور اب نوبرہ اور کارگل بھی جاؤں گا۔ آئیڈیا لوگوں سے ان کی بات سننا ہے کہ وہ کیاکہتے ہیں‘ ان کی پریشانیاں کیا ہیں۔ لداخ میں لوگوں کو پریشانی ہے کہ چین نے ان کے جانوروں کی چراگاہوں پر قبضہ کرلیا۔
عوام اس سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ یہاں کے لوگوں کی ایک اور پریشانی‘ سیلولرکنیکٹیویٹی کا ناہونا ہے یعنی یہاں موبائل فون کام نہیں کرتے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ اس علاقہ میں آپ کسی سے بھی پوچھ لیجئے کہ وہ آپ کو بتائے گا کہ چینی فوج نے ان زمینوں پر قبضہ کرلیاجہاں ان کے جانور چرنے کیلئے جاتے تھے۔
کانگریس چین سے متصل سرحد کی صورتحال پر حکومت پر مسلسل سوال اٹھاتی رہی ہے۔ کانگریس قائد اپنے کئی ساتھیوں کے ساتھ موٹرسائیکلوں پر ہفتہ کے دن لیہہ سے پینگانگ جھیل پہنچے تھے۔ انہوں نے آج صبح اس دریا کے کنارے اپنے والد کا یوم پیدائش منایا۔ راہول گاندھی جمعرات کے دن لیہہ پہنچے تھے وہ پیر یا منگل کو کارگل جائیں گے۔