تلنگانہ

تلنگانہ میں اقتدار کا مشن، بی جے پی جن سمپرک ابھیان شروع کرے گی

زعفرانی جماعت نے جن سمپرک ابھیان کے نام سے ملک بھر میں پروگرام منعقد کرنے کافیصلہ کیا ہے۔کرناٹک کے نتائج نے پارٹی کو مشکل صورتحال سے دوچار کردیا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں اقتدار کے مشن کے ساتھ بی جے پی جن سمپرک ابھیان پروگرام شروع کرے گی۔ا س کا ایک مقصد ایک طرف پڑوسی ریاست کرناٹک کے نتائج کے اثرات کو تلنگانہ میں روکنا ہے تو دوسرامقصد پارٹی کو اس تلگو ریاست میں مستحکم کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں
ہر ووٹر کو حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کشن ریڈی کا مشورہ
بی آر ایس کے مزید 2 امیدواروں کا اعلان، سابق آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیداروں کو ٹکٹ
فلم رضا کار، بی جے پی قائدین میں اختلافات عیاں
بی جے پی کا اردو زبان میں پوسٹر کی اجرائی
سی اے اے ریمارکس پر ہندو مہاجرین کا کجریوال کی قیام گاہ کے باہر احتجاج (ویڈیو)

جاریہ ماہ کی 30تاریخ کومودی کے مرکز میں اقتدار سنبھالنے کے 9سال مکمل ہوجائیں گے۔اس موقع پر زعفرانی جماعت نے جن سمپرک ابھیان کے نام سے ملک بھر میں پروگرام منعقد کرنے کافیصلہ کیا ہے۔کرناٹک کے نتائج نے پارٹی کو مشکل صورتحال سے دوچار کردیا ہے۔

کرناٹک میں کانگریس کے برسراقتدار آنے کے بعد تلنگانہ میں بی جے پی میں لیڈروں کی شمولیت کا سلسلہ رک گیا ہے۔119رکنی تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات جاریہ سال کے اواخر میں ہونے والے ہیں جس کے پیش نظرگذشتہ تقریبا دو سال سے بی جے پی نے سرگرم مہم شروع کردی ہے۔اس کا خواب جنوبی ہند کی اس اہم ریاست میں اقتدار ہے۔

وہ اب اس پروگرام کے ذریعہ پارٹی کو مستحکم کرنا چاہتی ہے۔اس کیلئے حکمت عملی کی تیاری کی بھی اطلاع ہے۔یہ پروگرام 30مئی سے 30جون تک جاری رہے گا۔ یکم جون سے 21جون تک ہر اسمبلی حلقہ میں جلسے منعقد کئے جائیں گے جس میں مرکزی وزرا، پارٹی کے مرکزی لیڈران کی شرکت کی توقع کی جارہی ہے۔

21جون کو بین الاقوامی یوگا ڈے کے موقع پر ہر منڈل میں پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔22جون کو شکتی کیندروں میں مرکزی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کے ساتھ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔23جون کو شیام پرساد مکرجی بلیدان دیوس منایاجائے گا۔اس سلسلہ میں دس لاکھ بوتھ کمیٹی کے ارکان کے ساتھ مودی ورچول اجلاس منعقد کریں گے۔25جون کو مخالف ایمرجنسی دن منایاجائے گا۔اس موقع پر دانشوروں اور ماہرین تعلیم کے ساتھ اجلاس منعقد کیاجائے گا۔