حیدرآباد

ناگر جنا نے این کنونشن سنٹر کی 2ا یکڑ اراضی واپس کردی: چیف منسٹر

حکام کی جانب سے شہر کے مادھا پور علاقہ میں این کنونشن سنٹر کو منہدم کرنے کے بعد تلگو فلم اسٹار ناگر جنا نے 2ایکڑ اراضی حکومت کو واپس کردی، ناگرجنا، اس اراضی کے مشترکہ مالک بتائے گئے ہیں۔

حیدرآباد (پی ٹی آئی) حکام کی جانب سے شہر کے مادھا پور علاقہ میں این کنونشن سنٹر کو منہدم کرنے کے بعد تلگو فلم اسٹار ناگر جنا نے 2ایکڑ اراضی حکومت کو واپس کردی، ناگرجنا، اس اراضی کے مشترکہ مالک بتائے گئے ہیں۔

تمڈی کنٹہ جھیل کی فل ٹینک لیول (ایف ٹی ایل) کی اراضی پر قبضہ کرتے ہوئے اس پر این کنونشن سنٹر کی تعمیر کا الزام تھا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ہفتہ کے روز یہاں ملٹی لیول فلائی اوور کے افتتاح کے بعد یہ بات کہی۔ چیف منسٹر نے کہاکہ برساتی پانی اور سیوریج کے آسانی کے ساتھ بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے شہر میں جھیلوں کے تحفظ کی ضرورت ہے۔

گزشتہ سال اگست میں حائیڈرا، جی ایچ ایم سی، ٹاؤن پلاننگ، آبپاشی اور ریونیو محکمہ جات کے عہدیداروں نے جھیل کے ایف ٹی ایل/ بفرزون میں قبضہ جات کو برخاست کرادیا تھا۔ جن غیر مجاز ڈھانچوں کو منہدم کردیا گیا تھا ان میں این کنونشن سنٹر کا ڈھانچہ بھی شامل تھا۔

این کنونشن سنٹر پر غیر قانونی ڈھانچوں کو منہدم کرنے کے بعد فلمی اداکار ناگر جنا کو اس بات کا احساس ہوا اور رضا کارانہ طور پر آگے آتے ہوئے انہوں نے 2ایکڑ اراضی (جس پر قبضہ کیا گیا تھا) حکومت کو واپس کردی۔ ناگر جنا نے شخصی طور پر مجھ(چیف منسٹر) سے ملاقات کی اور یہ اراضی حکومت کے حوالہ کردی۔ ناگر جنا نے کہا کہ وہ شہر کی ترقی میں حصہ دار بننا چاہتے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے یہ بات کہی۔