کانگریس کے دیہی صدور کا 4جولائی کو اجلاس، کھرگے کی شرکت
صدر ٹی پی سی سی مہیش کمار گوڑ نے کانگریس قائدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ4جولائی کو ایل بی اسٹیڈیم میں منعقد شدنی تلنگانہ دیہی سطح کے پارٹی صدور کے اجلاس کو کامیاب بنائیں۔

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) صدر ٹی پی سی سی مہیش کمار گوڑ نے کانگریس قائدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ4جولائی کو ایل بی اسٹیڈیم میں منعقد شدنی تلنگانہ دیہی سطح کے پارٹی صدور کے اجلاس کو کامیاب بنائیں۔
دیہی سطح کا یہ اجلاس جئے باپو، جئے بھیم، جئے سمویدھان پروگرام کا ایک حصہ ہے۔ بی جے پی کی دستور مخالف مہم کے خلاف راہول گاندھی نے جئے باپو، جئے بھیم، جئے سمودھان کا نعرہ بلند کیا ہے۔ سارے ملک اور ریاست میں جئے باپو، جئے بھیم، جئے سمویدھان پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد کئے جارہے ہیں۔
ریاست بھر کے تمام اضلاع کے دیہی صدور اس اجلاس میں شرکت کررہے ہیں جبکہ اس پروگرام میں صدر اے آئی سی سی ملکارجن کھرگے، چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور دیگر ہم قائدین بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کریں گے۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ دیہی سطح کے اس اجلاس کو کامیاب بنانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ بحیثیت حیدرآباد انچارج وزیر وہ حیدرآباد عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پابند عہد ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی کے مجوزہ ضمنی الیکشن میں کانگریس پارٹی کا پرچم لہرا یا جائے گا۔ پونم پربھاکر آج گاندھی بھون میں حیدرآباد کے کانگریس قائدین کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ جوبلی ہلز مجوزہ ضمنی الیکشن میں پارٹی امیدوار کی کامیابی کے لئے زمینی سطح سے سرگرم عمل ہوجائیں اور عوامی مسائل بالخصوص کلیان لکشمی یا شادی مبارک چیک کی تقسیم، بونال تہوار کے موقع پر چیکس کی تقسیم اور دیگر مسائل کو ان کے علم میں لایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سرگرم کارکنوں کوبہت جلد نامزد عہدوں پر فائز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ابھی سے جی ایچ ایم سی انتخابات کی تیاریاں شروع کردینا چاہئے اور کانگریس کو جی ایچ ایم سی مئیر کا عہدہ جیتنے کیلئے جدوجہد کرنا چاہئے۔ اجلاس میں رکن پارلیمنٹ انیل کمار یادو، سابق ارکان پارلیمنٹ وی ہنمنت راؤ، انجن کمار یادو، بالموری وینکٹ ایم ایل سی، ڈی ناگیندر ایم ایل اے، سینئر قائدین فیروز خان، عامر علی خان ایم ایل سی، عثمان الہاجری، (انچارج کاروان) روہن ریڈی صدر خیریت آباد کانگریس کمیٹی، سمیر ولی اللہ، صدر حیدرآباد کانگریس کمیٹی، افسر یوسف زئی نائب صدر، محمد اظہر الدین کارگزار صدر،
مجیب اللہ شریف چارمینار انچارج، اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ بعدازاں مہیش کمار گوڑ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ4جولائی کو ایل بی اسٹیڈیم میں منعقد شدنی پروگرام میں 15000 افراد کی شرکت متوقع ہے۔ قبل ازیں 4جولائی کو گاندھی بھون میں سیاسی امور کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔ بعدازاں تلنگانہ کانگریس کا توسیعی اجلاس منعقد ہوگا۔