دہلی

اسرائیلی فوج کا دعویٰ، غزہ میں حماس کے سینئر کمانڈر کو ہلاک کر دیا گیا

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فورسز نے غزہ شہر میں فضائی حملے کے دوران حماس کے ایک سینئر کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے، جنہیں تنظیم کے عسکری نظام کو مضبوط بنانے اور 7/اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر ہونے والے حملے کی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کرنے والا فرد قرار دیا گیا ہے۔

نئی دہلی (آئی اے این ایس)اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فورسز نے غزہ شہر میں فضائی حملے کے دوران حماس کے ایک سینئر کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے، جنہیں تنظیم کے عسکری نظام کو مضبوط بنانے اور 7/اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر ہونے والے حملے کی منصوبہ بندی میں کلیدی کردار ادا کرنے والا فرد قرار دیا گیا ہے۔

ہفتہ کے روز جاری کردہ بیان میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے کہا کہ جمعہ کی شام صبرا محلہ میں کی گئی اس کارروائی میں حکام محمد عیسیٰ ال عیسیٰ کومارا گیا۔ کارروائی اسرائیل کی اندرونی سیکیورٹی ایجنسی شِن بیت کے تعاون سے انجام دی گئی۔

فوج کے مطابق حکام عیسیٰ حماس کے عسکری ونگ کے بانی ارکان میں شامل تھے اور 7/اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل پر حماس کے حملے کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد میں ”اہم کردار“ ادا کیا تھا۔ اس حملے میں کم از کم 1,200 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ 200 سے زائد افراد کو یرغمال بنا کر غزہ لے جایا گیا تھا۔فوجی بیان کے مطابق، حالیہ دنوں میں وہ حماس کے عسکری ونگ کے ”کامبیٹ سپورٹ ہیڈکوارٹر“ کی قیادت کر رہے تھے جہاں وہ اسرائیلی شہریوں اور فوجیوں پر فضائی و بحری حملوں کی نگرانی کرتے رہے۔

ان پر جاری جنگ کے دوران حماس کے عسکری ڈھانچے کو دوبارہ مستحکم کرنے کی کوششوں میں بھی ملوث ہونے کا الزام ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ حکام عیسیٰ اس سے قبل حماس کے ٹریننگ ہیڈکوارٹر کی قیادت کر چکے تھے اور جنرل سیکیورٹی کونسل کے رکن بھی رہے۔ اسرائیلی فوج نے انہیں غزہ میں موجود حماس کے آخری بڑے رہنماؤں میں سے ایک قرار دیا ہے۔

چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق حماس نے اسرائیلی دعوے پر تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔یاد رہے کہ اسرائیل نے 18/مارچ کو دو ماہ کی جنگ بندی کے بعد غزہ میں اپنی فوجی مہم دوبارہ شروع کی تھی۔شنہوا نے فلسطینی سرکاری خبر رساں ادارے وفا کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے پیر کو وسطی غزہ کی پٹی میں واقع گاؤں المسدر اور شمالی غزہ کے علاقے جبالیا کے مشرقی حصے پر بمباری کی۔