نیپال طیارہ حادثہ: خاتون پائلٹ کا شوہر بھی پلین کریش میں ہلاک ہوا تھا
انجو کی موت پر ان کے خاندان کے ایک افراد نے بتایا کہ انجو بہت ہی ہمت اور حوصلے والی خاتون تھیں جنہوں نے اپنی شوہر کی وفات کے بعد ان کے خواب پورے کرنے کا عزم کیا۔
کٹھمنڈو: حال ہی میں نیپال میں یٹی ائیرلائنز کا طیارہ گر کر تباہ ہوا جس میں 72 مسافر سوار تھے جب کہ بدقسمتی سے حادثے میں کوئی بھی شخص نہ بچ سکا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق طیارے کی معاون پائلٹ انجو کھاٹیوڑا کے شوہر جو کہ پائلٹ تھے، 16 سال قبل 2006 میں اسی ائیر لائن کے حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ائیر لائن کمپنی کے ترجمان سودرشن برٹولا نے تصدیق کی کہ خاتون پائلٹ انجو کھاٹیوڑا نے 16 سال قبل اپنے شوہر پائلٹ دیپک پوکھرل کی فضائی حادثے میں موت کے بعد ملنے والی انشورنس کی رقم سے جہاز اُڑانے کی تربیت حاصل کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ انجوکھا نے 2010 میں یٹی ائیرلائنز میں شمولیت اختیار کی، اتوار کے روز تباہ ہونے والے طیارے میں انجو بطور معاون پائلٹ موجود تھیں اور ان کے انسٹرکٹر ان کے ہمراہ تھے۔
انجو کی موت پر ان کے خاندان کے ایک افراد نے بتایا کہ انجو بہت ہی ہمت اور حوصلے والی خاتون تھیں جنہوں نے اپنی شوہر کی وفات کے بعد ان کے خواب پورے کرنے کا عزم کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے 72 مسافروں میں سے اب تک 68 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جب کہ خاتون پائلٹ کی لاش اب تک نہیں مل سکی۔
واضح رہے کہ یہ حادثہ نیپال کے پوکھرا انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کھٹمنڈو سے آنے والے طیارے کو لینڈنگ کے وقت پیش آیا جس کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔