تلنگانہ

ٹی یو ڈبلیو جے یو ضلع عادل آباد یونٹ کے انتخابات، عبدالعلیم صدر اور محمد حمایت اللہ جنرل سکریٹری منتخب

ضلع صدر کے عہدہ پر 24کے منجملہ 15ووٹوں کے ساتھ عبدالعلیم نے کامیابی حاصل کی جبکہ جنرل سیکریٹری کے عہدہ پر نمائندہ روزنامہ راشٹریہ سہارا محمد حمایت اللہ نے 15ووٹ حاصل کرتے ہوئے اپنی جیت درج کی۔

عادل آباد۔15/فروری (پریس نوٹ): تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین ضلع عادل آباد کے انتخابات 15فروری کو دوپہر 2بجے کلکٹریٹ چوک پر واقع جینیس انسٹی ٹیوٹ میں منعقد کئے گئے۔ انتخابات کا انعقاد ریاستی مبصر مرزا افسر بیگ، ریاستی نائب صدر محمد آصف الدین، ریاستی رکن شفیق احمد اطہر کی نگرانی میں کئے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں
اردو ٹی وی چینلوں کو بھی تلگو کے مساوی اشتہارات کی اجرائی، ٹی یو ڈبلیو جے یو کی کامیاب نمائندگی
عادل آباد میں مفت سوشیل میڈیا کلاسس جاری، ناندیڑ کے معروف صحافی ضمیر احمد خان کا لیکچر
ٹی یو ڈبلیو جے یو عادل آباد یونٹ کے زیراہتمام مفت سوشیل میڈیا تربیتی کلاسس
ٹی یو ڈبلیو جے یو کے جنرل باڈی اجلاس کا عنقریب عظیم الشان پیمانے پر انعقاد

جمہوری انداز میں منعقدہ انتخابات میں ضلع صدر کیلئے عبدالعلیم اسٹاف رپورٹر منصف و شاہد احمد توکل اسٹاف رپورٹر روزنامہ اعتماد نے پرچہ نامزگی داخل کی تھی جبکہ جنرل سیکریٹری کے عہدہ پر محمد حمایت اللہ و خضر احمد یافعی نے انتخابی میدان میں قسمت آزمائی کی۔

انتخابات میں جملہ 24رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی استفادہ کیا۔ بعد ازاں شام 5بجے نتائج کا اعلان کیا گیا جس میں ضلع صدر کے عہدہ پر 24کے منجملہ 15ووٹوں کے ساتھ عبدالعلیم نے کامیابی حاصل کی جبکہ جنرل سیکریٹری کے عہدہ پر نمائندہ روزنامہ راشٹریہ سہارا محمد حمایت اللہ نے 15ووٹ حاصل کرتے ہوئے اپنی جیت درج کی۔

خازن کے عہدہ پرنمائندہ منصف ٹی وی محمد شعیب الطاف کا بلا مقابلہ انتخاب عمل میں لایا گیا۔ انتخابی کاروائی کی تکمیل کے بعد منعقدہ ایک ہنگامی اجلاس میں یونین کے دیگر عہدوں پر بھی تقررات کئے گئے جس میں سیاست اسٹاف رپورٹر محبوب خان کو سرپرست اعلیٰ، ضلع نائب صدور کے لئے ایم اے ذاکر ایچوڑا، سید امجد محی الدین اوٹنور کا تقرر عمل میں لایا گیا۔

اسی طرح جوائنٹ سیکریٹری محمد محسن، ایگزیکٹیو ممبران سید قمر، محمد کاشف اجمیل، مطیع الرحمن انیس اور پی آر او کے عہدہ پر محمد اکبرالدین کاتقرر کیا گیا۔

اس موقع پر یونین کے نومنتخبہ صدر عبدالعلیم نے اللہ رب العزت کا شکر بجالاتے ہوئے کہا کہ یونین کا عہدہ ایک اہم ذمہ داری ہے۔ اللہ تعالیٰ نے صحافیوں کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے۔ ہر ممکنہ طرز پر بحسن خوبی خدمات انجام دینے کی کوشش کی جائے گی۔

عبدالعلیم نے مزید کہا کہ تنظیم کی ترقی ہو یا دیگر ہمارے مسائل کسی فرد تنہا سے مکمل نہیں ہو سکتے۔ کسی بھی کام کو انجام دینے کیلئے ہم تمام کا متحد ہونا لازمی ہوگا۔ انھوں نے ٹی یو ڈبلیو جے یو کے تمام ممبران سے ہر موقع پر تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ صحافیوں کے مسائل کی یکسوئی و دیگر امور پر مصمم انداز میں کام کیا جاسکے۔ انھوں نے یونین کے ریاستی ذمہ داران بشمول تمام صحافیوں سے اظہار تشکرکیا ہے۔