شمالی بھارت

لولو مال لکھنؤ میں نماز پڑھنے پر ایف آئی آر درج

لکھنؤ کے سوشانت گولف سٹی کے پولیس اسٹیشن انچارج اجے پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ اکھل بھارت ہندو مہاسبھا کے ایک لیڈر ششیر چترویدی نے لولو مال میں نماز پڑھنے پر شکایت درج کرائی ہے۔ تحقیقات کے بعد مناسب کارروائی کی جائے گی۔

لکھنؤ: لکھنؤ میں حال ہی میں کھولے گئے لولو مال کے اندر چند لوگوں نے نماز پڑھی تھی جس پر تنازعہ پیدا ہونے کے بعد پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

یہ ایف آئی آر اکھل بھارت ہندو مہاسبھا کے ششیر چترویدی کی شکایت پر تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی متعلقہ دفعہ کے تحت درج کی گئی ہے۔ ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد یہ معاملہ سامنے آیا تھا جس میں کچھ لوگوں کو مال کے اندر نماز پڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس مال کا افتتاح 10 جولائی کو وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کیا تھا۔

لکھنؤ کے سوشانت گولف سٹی کے پولیس اسٹیشن انچارج اجے پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ اکھل بھارت ہندو مہاسبھا کے ایک لیڈر ششیر چترویدی نے لولو مال میں نماز پڑھنے پر شکایت درج کرائی ہے۔ تحقیقات کے بعد مناسب کارروائی کی جائے گی۔

لولو مال کی انتظامیہ کی شکایت پر بھی سوشانت گالف سٹی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ایف آئی آر آئی پی سی کی دفعات 153A، 295A، 341 اور دیگر کے تحت درج کی گئی ہے۔

تاہم لولو مال کے جنرل منیجر سمیر ورما نے کہا کہ مال میں نماز کی اجازت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ لولو مال تمام مذاہب کا احترام کرتا ہے تاہم یہاں کسی بھی قسم کی عبادت کی اجازت نہیں ہے۔ اس سلسلے میں، ہم اپنے عملے کو اس طرح کے واقعات پر نظر رکھنے کے لیے تربیت فراہم کرتے ہیں۔