ایودھیا میں مسجد کی تعمیر کا مئی سے آغاز متوقع
ٹرسٹ کے ذرائع نے مزید بتایاہے کہ تعمیر کے آغاز میں مالیہ رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ فاؤنڈیشن کے چیف ٹرسٹی ظفرفاروقی نے بتایاہے کہ مسجد کی تعمیر سے متعلق جائزہ لیاجارہا ہے۔
لکھنو: ایودھیا میں مجوزہ مسجد کی تعمیر کا توقع ہے کہ ماہ مئی سے آغاز ہوجائے گا۔ یہ بات پراجکٹ سے وابستہ افراد نے آج یہاں بتائی ہے۔ انڈواسلامک کلچرل فاؤنڈیشن ٹرسٹ جو کہ ایودھیا کے دھنی پور میں مسجد کی تعمیر کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہے‘ کہا ہے کہ فنڈس میں اضافہ کیلئے مختلف ریاستوں میں انچارج کے تقررات عمل میں لائے جائیں گے‘ جس کا آغاز فروری سے ہوگا۔
ذرائع نے بتایاہے کہ مسجد کی تعمیر میں تاخیر ہوئی ہے۔ اس سلسلہ میں اب مختلف امور کا جائزہ لیاجارہا ہے۔ ٹرسٹ کے ذرائع نے مزید بتایاہے کہ تعمیر کے آغاز میں مالیہ رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ فاؤنڈیشن کے چیف ٹرسٹی ظفرفاروقی نے بتایاہے کہ مسجد کی تعمیر سے متعلق جائزہ لیاجارہا ہے۔
اس کے ڈیزائن کوتوقع ہے کہ وسط فروری تک قطعیت دی جائے گی‘ جس کے بعد انتظامی منظوری حاصل کرکے تعمیر کی شروعات کردی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایاہے کہ اس بات کی کوشش کی جارہی ہے کہ آئندہ مئی مسجد کی تعمیر کا کام شروع کردیاجائے۔
یہ بات فاروقی نے بتائی جو کہ اترپردیش سنی سنٹرل وقف بورڈ کے صدرنشین بھی ہیں۔ خبررساں ادارے پی ٹی آئی کے نمائندہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایاہے کہ محمد بن عبداللہ ایودھیا مسجد کی تعمیر میں تاخیر ہوئی ہے کیونکہ بعض امور کا ازسرنوجائزہ لیاجاتا رہا۔
ابتداء میں مسجد کی تعمیر ہندوستانی مساجد کو پیش نظر رکھتے ہوئے کرنے کا منصوبہ بنایاگیاتھا۔ تاہم اس کو مستردکرکے نیا ڈیزائن تیارکیاگیا ہے۔ یہ مسجد 40ہزار مربع فٹ پر تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر کیلئے فنڈس کے حصول کیلئے بھی انتظامات کئے جائیں گے۔ تمام کام باقاعدگی سے کیاجائے گا۔