حیدرآباد

اسمبلی وکونسل کے مانسون سیشن کامنگل سے آغاز

سرینواس ریڈی نے کہا کہ اگرچہ کورونا وبا کمزور پڑ چکی ہے مگر اسمبلی اجلاس کے دوران کسی میں علامتیں پائی جاتی ہیں تو فوری علاج کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے اسمبلی ڈسپنسری میں کورنا ٹسٹ کا نظم کرنا چاہئے۔

حیدرآباد: اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے عہدیداروں کو اسمبلی وکونسل کے6 ستمبر سے شروع ہونے والے مانسون سیشن کیلئے نقائص سے پاک انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔ آج صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی کے ساتھ مختلف محکموں کے عہدیداروں اور پولیس عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسمبلی و کونسل اجلاس کے دوران تمام اعلیٰ عہدیداروں کو دستیاب رہنا چاہئے۔

انہوں نے گذشتہ اسمبلی وکونسل اجلاس کے دوران اٹھائے گئے سوالات جن کا جواب نہیں دیا جاسکا تھا، کو موجودہ اجلاس میں پیش کرنے نیز اسمبلی وکونسل اجلاس کی جملہ امور کی تفصیلات انگلش، اردو اور تلگو میں فراہم کرنے کی ہدایت دی اسپیکر نے کہا کہ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ملک بھر کیلئے مثالی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر سے ریاست کی دوسری اسمبلی کا 8 واں اجلاس کا تیسرا سیشن اور قانون ساز اسمبلی کا18 واں اجلاس شروع ہونے جارہا ہے۔ اسمبلی کے گذشتہ اجلاس کے نقائص سے پاک انعقاد میں تعاون کیلئے تمام محکموں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی کے اجلاس میں انکساری، اونچے اخلاق اور اعلیٰ معیار کو اختیار کرتے ہوئے ہر موضوع پر بہترین انداز میں مباحث اور غور وفکر کیا جاتا ہے۔

 انہوں نے اراکین سے اس عظیم روایت کو برقرار رکھنے ا ور مسائل کا حل دریافت کرنے کیلئے حکومت اور عہدیداروں کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ معزز اراکین کی جانب سے اٹھائے جانے والے سوالوں کا جلد از جلد جواب فراہم کرنے کی کوشش کریں۔

 تمام محکموں سے جوابات کی فراہمی کیلئے نوڈل آفیسر مقرر کرنے اور اسمبلی حلقوں میں سرکاری کاموں کی انجام دہی میں لازمی طور پر پروٹوکول پر عمل کرنے کی ہدایت دی۔ مقامی رکن اسمبلی کو سرکاری پروگرامس  کی قبل از وقت اطلاع دینے اور اضلاع کے اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایات جاری کرنے کا مشورہ دیا۔ اسمبلی کمیٹیز کو حکومت کی جانب سے مکمل اطلاعات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

 سرینواس ریڈی نے کہا کہ اگرچہ کورونا وبا کمزور پڑ چکی ہے مگر اسمبلی اجلاس کے دوران کسی میں علامتیں پائی جاتی ہیں تو فوری علاج کیلئے محکمہ صحت کی جانب سے اسمبلی ڈسپنسری میں کورنا ٹسٹ کا نظم کرنا چاہئے۔ ضرورت مند اراکین کوبوسٹر ڈوز دینا چاہئے۔

 جی سکھندر ریڈی نے کہا کہ ایوان میں پرامن کاروائی جاری رکھنے کیلئے باہر کاماحول پرامن ہونا ضروری ہے۔ سابق کی طرح اس بار بھی ایوان کے اجلاس کے پرامن انعقاد کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

 اس ٹیلی کانفرنس میں چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ سومیش کمار ڈی جی پی ایم مہندر ریڈی، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند اس موقع پر سکریٹری امور مقننہ نرسمہا چاریلو، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس راما کرشنا راؤ، اروند راؤ، شیشا دری، سید علی مرتضی رضوی، لوکیش کمار، روی گپتا و دیگر نے شرکت کی