امریکی قونصل خانے کے باہر گولی چلنے سے خوف و ہراس
خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا
کینیڈا : کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں واقع امریکی قونصل خانے کے باہر پیر کے روز فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی ٹورنٹو پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور قونصل خانے کی عمارت کے اطراف سیکیورٹی حصار قائم کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس کے ابتدائی بیان کے مطابق حملہ آور نے ایک گولی چلائی، تاہم خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ فائرنگ کے فوراً بعد ایک سفید رنگ کی گاڑی تیز رفتاری سے جائے وقوعہ سے فرار ہوتی دیکھی گئی، جس کی بنیاد پر پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس نے قونصل خانے اور اطراف کے علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کر لی ہے اور ممکنہ مشتبہ افراد کی شناخت کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی نے واقعے سے متعلق کوئی مشکوک سرگرمی یا سفید گاڑی دیکھی ہو تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران امریکی قونصل خانے کے باہر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے، جس کے بعد سفارتی تنصیبات کی سیکیورٹی پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ واقعے کے بعد امریکی قونصل خانے کے اطراف حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں جبکہ تحقیقات مختلف پہلوؤں سے جاری ہیں۔