حیدرآباد

راہول گاندھی، وزیر اعظم کا اثاثہ: کے ٹی آر

ریاست میں ہر گھر تلنگانہ کا پرچم لہراتے ہوئے خدمت خلق کے کام انجام دینے کا مشورہ دیا۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے لئے راہول گاندھی ایک اثاثہ ہیں۔ راہول گاندھی کی باتوں پر کوئی یقین کرنے کے موقف میں نہیں ہے۔

حیدرآباد: بی آر ایس کے کار گزار صدر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کی تاریخ کو29 نومبر کے روز نیا موڑ دیا گیا تھا۔29 نومبر کوہی کے سی آر نے علیحدہ ریاست تلنگانہ کیلئے ستیہ گرہ کا آغاز کیا تھا۔ ان کے مرن برت اور سماج کے تمام طبقات کے تئیں ان کی بے لوث جستجو کی وجہ سے مرکزی حکومت کو علیحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کا اعلان کرنا پڑا اور اس طرح برسوں سے متحدہ ریاست میں آندھرائی حکمرانوں کے تسلط سے ہم کو آزادی ملی۔

متعلقہ خبریں
جو کچھ تھا، ٹریلر تھا، عوام کو ابھی بہت دیکھنا باقی ہے: کے ٹی آر
فارمولا ای ریس سے حیدرآباد کے برانڈ امیج میں اضافہ: ناگیندر
مادری زبانوں کی حفاظت و ترویج وقت کی اہم ترین ضرورت ہے: وزیر اقلیتی بہبود سے وفد کی ملاقات
محبوب نگر: اقلیتی پوسٹ میٹرک ہاسٹل (بوائز) میں 18 مخلوعہ نشستوں کیلئے درخواستیں مطلوب ،16 جولائی آخری تاریخ
ریونت ریڈی کرپشن کے شہنشاہ، تلنگانہ کے مفادات کو نظرانداز کر رہے ہیں: کویتا

 آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے پارٹی کارکنوں کو 29 نومبر کا دن دسکشا دیوس کے طور پر بڑے پیمانے پر منانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کانگریس کی جانب سے تلنگانہ قوم پر کئے گئے ظلم وجبر اور زیادتیوں کے متعلق عوام کو واقف کرانا چاہئے۔

 ریاست میں ہر گھر تلنگانہ کا پرچم لہراتے ہوئے خدمت خلق کے کام انجام دینے کا مشورہ دیا۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے لئے راہول گاندھی ایک اثاثہ ہیں۔ راہول گاندھی کی باتوں پر کوئی یقین کرنے کے موقف میں نہیں ہے۔

انہوں نے صدر ٹی پی سی سی ریونت ریڈی سے جاننا چاہا کہ جب بھی وزیر اعظم تلنگانہ، آتے ہیں تو ان کی زبان کیوں خاموش ہوجاتی ہے۔ ریونت ریڈی اور بی جے پی کے درمیان خفیہ مفاہمت ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ اگر ایسا نہیں ہے تو پھر گوشہ محل، کریم نگر اور کورٹلہ میں کانگریس کی جانب سے کیوں دانستہ طور پر کمزور امیدوار ٹہرائے گئے ۔

مگر بی آر ایس بہر صورت راجہ سنگھ، بنڈی سنجے اور دھرم پوری اروند کو شکست سے دوچار کرے  گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کے قائدین کے خلاف بھی آئی ٹی کی جانب سے دھاوے کئے جارہے ہیں۔

 کارگزار صدر بی آر ایس نے کرناٹک میں کانگریس حکومت کی کارکردگی کو بد سے بدترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرناٹک ماڈل پر عوام کا قطعی بھروسہ نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ سے انہیں موصول نوٹس کا وہ یقینی طور پر جواب دیں گے۔

 کانگریس اور بی جے پی پر بی آر ایس حکومت کے خلاف منفی پروپگنڈہ کا الزام لگاتے ہوئے کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ گذشتہ ایک دہے کے دوران سب سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے والی ریاستوں میں تلنگانہ کو پہلا مقام حاصل ہے۔

 اگر کسی ریاست میں ہم سے زیادہ روزگار فراہم کیا گیا ہے تو راہول گاندھی اور مودی اعداد وشمار کے ساتھ سامنے آئیں۔ انہوں نے راہول گاندھی اور ریونت ریڈی سے سوال کیا کہ زندگی میں وہ کبھی کہیں نوکری کی ہے؟ ایسے قائدین جنہوں نے کبھی تکلیف کا سامنا نہیں کیا، انہیں اس مسئلہ پر بات کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

 کے ٹی راما راو نے بے روزگار نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ سیاسی بے روزگار قائدین کی باتوں میں آکر خدشات کا شکار نہ ہوں۔ بی آر ایس اقتدار میں آکر ان کو روزگار فراہم کرے گی۔ہم جاب کیلنڈر جاری کریں گے۔