حیدرآباد

ضمنی الیکشن کا نتیجہ بی جے پی پر کاری ضرب ثابت ہوگا: ہریش راؤ

ہریش راؤ نے بی جے پی قیادت کو چالنج کیا کہ اگر ان سے ملک کے عوام سے ہمدردی ہے تو وہ بی جے پی کے زیر حکومت ریاستوں میں تلنگانہ کے طرز پر فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں کو نافذ کرکے دکھائیں۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ منگوڈ ضمنی انتخاب کے نتائج، بی جے پی کے وجود پر کاری ضرب ثابت ہوں گے۔ آج تلنگانہ بھون میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نلگنڈہ، تحریکات کی سرزمین ہے یہاں بی جے پی کا گمراہ کن کھیل جاری نہیں رہے گا۔

بی جے پی کا جھوٹ اور دولت کے سہارے کامیابی حاصل کرنے کی احمقانہ سوچ کو عوام مسترد کردیں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سیاہ زرعی قوانین سے دست برداری اور قوم سے معذرت خواہی کا ایک سال سے زیادہ عرصہ گذرچکا ہے مگر اس ایک سال کے دوران کسانوں کی ترقی اورخوشحالی کیلئے کچھ بھی نہیں کیا گیا۔

 دوباک، حضور آباد کے ضمنی انتخابات اور جی ایچ ایم سی انتخابات میں عوام سے بے شمار وعدے کئے گئے تھے مگر ایک بھی وعدہ وفاء نہیں کیا گیا۔ اب پھر منگوڈ ضمنی انتخاب کے دوران ناقابل عمل وعدے کرتے ہوئے بی جے پی عوام کے جذبات سے کھیل رہی ہے  اور انہیں بے وقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

 ہریش راؤ نے بی جے پی قیادت کو چالنج کیا کہ اگر ان سے ملک کے عوام سے ہمدردی ہے تو وہ بی جے پی کے زیر حکومت ریاستوں میں تلنگانہ کے طرز پر فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں کو نافذ کرکے دکھائیں۔

 بی جے پی کو جملہ بازی، دھوکہ اور دغابازی پر یقین رکھنے والی جماعت قرار دیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ راجگوپال ریڈی بی جے پی میں شمولیت کے بعد وہ زعفرانی جماعت کے رنگ میں مکمل طور پر رنگے جاچکے ہیں۔ اب انکا ہر بیان جھوٹ اور مفاد پرستی پر مبنی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کومٹ ریڈی برادرس کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کیا گیا مگر وہ حلقہ پارلیمنٹ بھونگیر اور حلقہ اسمبلی منگوڈ کو ترقی دلانے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص گذشتہ ساڑھے تین سال کے دوران کچھ نہیں کیا تھا وہ اب کیا کرے گا؟

 ایسے قائدین کو گھر کا راستہ بتانا ضروری ہے اور منگوڈ کے عوام نے بھی راجگوپال ریڈی اور بی جے پی کو گھر کا راستہ بتانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ عوام، ٹی آر ایس کی کار کردگی سے مطمئن ہیں اور ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو زبردست اکثریت سے کامیابی حاصل ہوگی۔