مشرق وسطیٰ

سعودی اور ایرانی وزرائے خارجہ کا رابطہ، ایران۔امریکہ مذاکرات پر تبادلۂ خیال

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ریاض: سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔


دونوں وزرائے خارجہ نے گفتگو کے دوران ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات کی تازہ ترین پیش رفت اور طے شدہ مفاہمتوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔


اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی اہمیت پر زور دیا۔


انہوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سیاسی مذاکرات اور سفارت کاری ہی ایسے مؤثر ذرائع ہیں جو خطے کے ممالک اور عوام کے مشترکہ مفادات کے تحفظ اور پائیدار استحکام کو یقینی بنا سکتے ہیں۔


ادھر ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق عباس عراقچی نے سعودی وزیر خارجہ کو امریکہ کے ساتھ جاری مذاکرات کے مختلف مراحل اور حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔


ایرانی وزیر خارجہ نے مذاکراتی عمل کے حوالے سے تہران کے مؤقف اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی بریفنگ دی۔


سعودی عرب نے اس موقع پر ایران اور امریکہ کے درمیان ایک جامع اور مستقل معاہدے تک پہنچنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا معاہدہ خطے میں سلامتی اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔