کویت میں مبینہ دراندازی کی کوشش، سعودی عرب کا ایران سے وابستہ گروہ پر شدید ردعمل
وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مبینہ طور پر پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ ایک مسلح گروہ نے کویت میں داخل ہونے اور تخریبی کارروائی انجام دینے کی کوشش کی، جس پر مملکت شدید تشویش رکھتی ہے۔
ریاض: سعودی وزارتِ خارجہ نے کویت کے جزیرہ بوبيان میں مبینہ دراندازی اور تخریبی کارروائی کی کوشش کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے علاقائی سلامتی اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مبینہ طور پر پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ ایک مسلح گروہ نے کویت میں داخل ہونے اور تخریبی کارروائی انجام دینے کی کوشش کی، جس پر مملکت شدید تشویش رکھتی ہے۔
بیان کے مطابق یہ اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے، جبکہ ایسے اقدامات نہ صرف کویت کی خودمختاری پر براہِ راست حملہ ہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔
سعودی عرب نے اپنے بیان میں کویت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مملکت حکومت اور عوامِ کویت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
بیان میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ کویت اپنی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے جو بھی اقدامات کرے گا، سعودی عرب ان کی مکمل حمایت کرے گا۔