مہاراشٹرا

مہاراشٹرا: ای وی ایم گودام میں 45 منٹ تک سی سی ٹی وی کیمرے بند، سپریہ سولے کے استفسار پر الیکشن آفیسر کی عجیب وضاحت

این سی پی )شرد پوار( کی بارامتی لوک سبھا امیدوارہ سپریا سولے نے الزام لگایا کہ 7 مئی کو پولنگ کے بعد ایک گودام کے سی سی ٹی وی کیمرے پیر کی صبح 45 منٹ تک بند رہے جہاں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں (ای وی ایم) رکھی گئی ہیں۔

ممبئی: این سی پی (شرد پوار) کی بارامتی لوک سبھا امیدوارہ سپریا سولے نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ 7 مئی کو ہوئی پولنگ کے بعد ایک گودام کے سی سی ٹی وی کیمرے آج پیر کی صبح 45 منٹ تک بند رہے جہاں الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں (ای وی ایم) رکھی گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں
پولنگ کا تازہ تناسب الیکشن کمیشن پر ممتا بنرجی کی تنقید
این سی پی کے اگلے صدر کے بارے میں کل فیصلہ متوقع
ہر چیز پر شک نہیں کیا جاسکتا۔ای وی ایم، وی وی پیاٹ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ محفوظ

سپریا سولے نے سی سی ٹی وی کیمروں کے مشتبہ طور پر بند رہنے کے لئے حکام سے وضاحت کا مطالبہ کیا جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بارامتی کی ریٹرننگ آفیسر کویتا دویویدی نے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ویژول کو پیش کرنے والی اسکرین کو ٹیکنیشن نے کچھ وقت کے لئے ان پلگ کر دیا تھا تاہم کیمرے کام کر رہے تھے۔

شرد پوار کی دختر اور بارامتی حلقہ لوک سبھا کی این سی پی امیدوارہ سپریہ سولے نے کہا کہ یہ بہت مشکوک بات ہے کہ اس اہم جگہ پر سی سی ٹی وی کیمرے بند ہیں اور یہ ایک بڑی غفلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے نمائندوں نے متعلقہ حکام اور انتظامیہ سے رابطہ کیا تو کوئی تسلی بخش جواب نہیں ملا۔

یہی نہیں مذکورہ جگہ پر ٹیکنیشن بھی دستیاب نہیں تھا اور ہمارے نمائندوں کو گودام کے اندر کی صورتحال کا معائنہ کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ بہت سنگین بات ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اس کا فوری نوٹس لے اور CCTV کیمروں کو بند کرنے کی وجوہات کو عام کرے۔ اس کے علاوہ اس واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف مناسب کارروائی کی جانی چاہئے۔

سپریہ سولے کا یہ پوسٹ سامنے آنے کے فوراً بعد ریٹرننگ آفیسر دویدی نے ایک ویڈیو وضاحت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک نئی پوسٹ وائرل ہو رہی ہے جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ گودام میں سی سی ٹی وی کیمرے بند ہیں۔

میں نے اس بارے میں تفصیلی انکوائری کی تو پتہ چلا کہ وہاں پر الیکٹریشن کام کر رہا تھا اور اس نے تھوڑی دیر کے لئے ایک تار نکالی تھی جس کی وجہ سے ٹی وی کی اسکرین بند ہوگئی تھی تاہم تمام کیمرے فعال تھے اور ڈیٹا بشمول مدت (جبکہ اسکرین آف ہوئی تھی) محفوظ ہے۔ وہاں کوئی مسئلہ نہیں ہے اور ٹیلی کاسٹ ٹھیک سے ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ بارامتی میں اس الیکشن میں ایک اعلیٰ سطحی مقابلہ دیکھنے کو مل رہا ہے جس میں پوار گھرانے کے دو افراد ایک دوسرے کے خلاف کھڑے ہیں اور امیدواروں اور پارٹی کارکنوں کے خلاف ڈرانے دھمکانے اور نقدی کی تقسیم کے کئی الزامات لگائے جا رہے ہیں۔