تجارت

ایران امن مذاکرات کی امید میں شیئر بازاروں میں شروعاتی تیزی

بی ایس ای کا حساس انڈیکس سینسیکس 720.47 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 76,135.82 پوائنٹس پر کھلا اور کچھ ہی دیر میں 919 پوائنٹس کی برتری حاصل کرتا ہوا 76,334.77 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ خبر لکھے جانے تک یہ 722.21 پوائنٹس (0.96 فیصد) اوپر 76,137.56 پوائنٹس پر تھا۔

ممبئی: امریکہ اور ایران کے درمیان امن مذاکرات پھر شروع ہونے کی امید میں گھریلو شیئر بازاروں میں پیر کو شروعاتی کاروبار میں اچھی تیزی رہی۔


بی ایس ای کا حساس انڈیکس سینسیکس 720.47 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 76,135.82 پوائنٹس پر کھلا اور کچھ ہی دیر میں 919 پوائنٹس کی برتری حاصل کرتا ہوا 76,334.77 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ خبر لکھے جانے تک یہ 722.21 پوائنٹس (0.96 فیصد) اوپر 76,137.56 پوائنٹس پر تھا۔


امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ بات چیت آگے بڑھی ہے اور وہ آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے بھی تیار ہو گیا ہے۔ تاہم انہوں نے بعد میں یہ بھی کہا کہ جب تک آبنائے ہرمز کو کھولنے کے معاہدے پر دستخط نہیں ہو جاتے، امریکی بحریہ وہاں سے گھیرا بندی نہیں ہٹائے گی۔


ان کے اس بیان کے بعد سرمایہ کاروں میں امید جاگی ہے کہ جلد ہی آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی بلاروک ٹوک آمد و رفت پھر شروع ہو سکے گی۔ اس سے دنیا کے تمام شیئر بازاروں میں تیزی رہی۔


نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی-50 انڈیکس بھی 220.95 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 23,940.25 پوائنٹس پر کھلا۔ خبر لکھے جانے تک یہ 210.95 پوائنٹس یعنی 0.89 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 23,930.25 پوائنٹس پر تھا۔


چوطرفہ خریداری کے درمیان آٹو سیکٹر میں سب سے زیادہ تیزی دیکھی گئی اور اس کا انڈیکس فی الحال سوا دو فیصد اوپر ہے۔ بینکنگ اور مالیاتی سیکٹرز کے انڈیکس بھی تقریباً ڈیڑھ فیصد کے اضافے میں ہیں۔ تیل و گیس اور رئیلٹی سیکٹرز میں ایک فیصد سے زیادہ کی تیزی ہے۔


سینسیکس کی کمپنیوں میں مہندرا اینڈ مہندرا کا شیئر پونے تین فیصد اور ایل اینڈ ٹی کا تقریباً ڈھائی فیصد اوپر ہے۔ کوٹک مہندرا بینک، ایچ ڈی ایف سی بینک، انڈیگو، ماروتی سوزوکی، اٹرنل، بجاج فنانس، بجاج فن سرو، ٹائٹن، ایشین پینٹس، آئی سی آئی سی آئی بینک اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے شیئرز ایک سے دو فیصد تک کے اضافے میں ہیں۔ وہیں، ٹی سی ایس اور سن فارما میں ابھی بکوالی حاوی ہے۔