جسٹن ٹروڈو ہندوستان اور کینیڈا کے تعلقات خراب کرنے کے ذمہ دار: وزارت خارجہ
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے انکوائری کمیشن میں ٹروڈو کے بیان کے بارے میں میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کہا "ہم نے آج جو کچھ سنا ہے اس سے صرف اسی بات کی تصدیق ہوتی ہے جو ہم ہمیشہ کہتے رہے ہیں۔

نئی دہلی: ہندوستان نے کینیڈا میں ایک انکوائری کمیشن میں کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے بیان کی تردید کی ہے اور اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ان کی حکومت نے ہندوستانی سفارت کاروں کے خلاف کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا ہے اور اس معاملے کی وجہ سے ہندوستان اور کینیڈا کے تعلقات کو پہنچنے والے نقصان کا تعلق صرف ٹروڈو سے ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے انکوائری کمیشن میں ٹروڈو کے بیان کے بارے میں میڈیا کے سوالوں کے جواب میں کہا "ہم نے آج جو کچھ سنا ہے اس سے صرف اسی بات کی تصدیق ہوتی ہے جو ہم ہمیشہ کہتے رہے ہیں۔ کیناڈا نے ہمیں ہندوستان اور ہندوستانی سفارت کاروں کے خلاف لگائے گئے سنگین الزامات کی تائید میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیا ہے۔
جیسوال نے کہا ’’اس نقصان کی ذمہ داری اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اور متکبرانہ رویے پر عائد ہوتی ہے۔ ہندوستان-کینیڈا تعلقات میں بگاڑ کی ساری ذمہ داری اکیلے وزیر اعظم ٹروڈو پر عائد ہوتی ہے۔