شمالی بھارت

ممتا بنرجی حکومت میں 9 نئے وزرا شامل

مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی حکومت میں چہارشنبہ کے دن 9 نئے وزرا شامل کئے گئے۔ ان میں 5 کابینی وزیر ہیں جبکہ 2 مملکتی وزرا(آزادانہ چارج) ہیں۔ ان کے علاوہ 2 مملکتی وزرا بھی ہیں۔

کولکتہ: مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی حکومت میں چہارشنبہ کے دن 9 نئے وزرا شامل کئے گئے۔ ان میں 5 کابینی وزیر ہیں جبکہ 2 مملکتی وزرا(آزادانہ چارج) ہیں۔ ان کے علاوہ 2 مملکتی وزرا بھی ہیں۔

گورنر گنیشن نے جن 5 کابینی وزرا کو حلف دلایا ان کے نام پردیپ مجمدار‘ بابل سپریو‘ اُدین گوہا‘ پارتھا بھاؤمک اور اسنیہاسس چکرورتی ہیں۔

مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کے برسراقتدار آنے کے بعد سے پردیپ مجمدار ریاستی حکومت کے پرنسپل اگریکلچرل اڈوائزر کی حیثیت سے کام کرتے رہے ہیں۔

نہایت صاف ستھری شبیہ والے پردیپ مجمدار‘ ممتا بنرجی کے بااعتماد رفیق ہیں۔ بابل سپریو‘ ضلع مغربی بردوان کے آسنسول سے 2 مرتبہ بی جے پی رکن لوک سبھا رہ چکے ہیں۔

انہوں نے نریندر مودی کی حکومت میں مرکزی وزیر کی حیثیت سے بھی کام کیا۔ 2021 کے بنگال اسمبلی الیکشن میں وہ بی جے پی چھوڑکر ترنمول کانگریس میں شامل ہوگئے۔ انہوں نے پارلیمنٹ سے استعفیٰ دے دیا اور جاریہ سال کے ضمنی الیکشن میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔

سنتھالی اداکارہ سے سیاستداں بنیں برباہا ہنسدا اور بپلب رائے چودھری نے وزرائے مملکت (آزادانہ چارج) کی حیثیت سے حلف لیا جبکہ ستیہ جیت برمن اور تجمل حسین نے مملکتی وزرا کی حیثیت سے حلف لیا۔