تعلیم و روزگار

 تلنگانہ: انٹرمیڈیٹ امتحانات کے انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل، چہارشنبہ کو پہلا پرچہ

تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کے انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ بورڈآف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن شروتی اوجھا نے آج صحافیوں کو بتایا کہ انٹرسال اول ودوم کے سالانہ امتحانات کا 28 فروری تا 19 مارچ انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کے انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ بورڈآف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن شروتی اوجھا نے آج صحافیوں کو بتایا کہ انٹرسال اول ودوم کے سالانہ امتحانات کا 28 فروری تا 19 مارچ انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں
انٹر سال دوم کے انگلش مضمون کا امتحان، 14ہزار طلبہ غیر حاضر

انہوں نے بتایا کہ نقائص سے پاک انداز میں امتحانات کے انعقاد کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کے پرامن انعقاد کے لیے تمام اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں 1521 امتحانی مراکز قائم کیے ہیں۔ انٹر سالانہ امتحانات میں جملہ 9 لاکھ 80 ہزار 978 طلباء حصہ لیں گے۔ انٹرسال اول کے امتحانات میں 4,78,718 امیدواروں کی شرکت  متوقع  ہے جبکہ سال دوم کے امتحانات میں 5,02,260 طلبہ کی شرکت کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا انٹرمیڈیٹ امتحانات کے انعقاد کے لیے پہلے ہی کلکٹرس اور ایس پیز کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کئے جاچکے ہیں جس میں انہیں تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی جا چکی ہے۔

شروتی اوجھا نے مزید کہا کہ تمام امتحانی مراکز پر نظر رکھنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی جا رہی ہے اس کے علاوہ ہر امتحانی مرکز پر ضروری تعداد میں پولیس دستوں کو تعینات کیا جائے گا۔

طلبہ کو بروقت امتحانی مراکز تک پہنچنے کے لئے خصوصی بسوں کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔امتحانات سے قبل تمام کالجس میں صدفیصد نصاب مکمل کر لیا گیا ہے۔

طلبہ کو قبل از وقت امتحانی مرکز پہنچ جانے کی ہدایت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک منٹ کی تاخیر پر بھی طلبہ کومرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں رہیگی طلبہ کو صبح 9 بجے سے پہلے امتحانی مراکز پہنچ جاناچاہئے۔

انہوں نے کہا اب تک  475 طلبہ نے امتحانات کے بارے میں ٹیلی ما نس ٹول فری نمبر پر کال کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ طلبہ کسی بھی مسئلہ پر ٹال فری نمبر14416 یا 1800-914416 پر ربط پیداکرسکتے ہیں۔