حیدرآباد

کھرگے کی کامیابی پر تلنگانہ کانگریس قائدین مسرور

سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکہ نے کھر گے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ کانگریس کے صدارتی عہدہ کیلئے منعقدہ الیکشن میں کھر گے کی شاندار کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کانگریس پارٹی،ملک کی واحد جمہوری پارٹی ہے۔

حیدرآباد: کل ہند کانگریس صدر کے انتخابات میں ملکارجن کھر گے کی کامیابی پر تلنگانہ کانگریس قائدین اورکارکنوں نے خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ایک دوسرے میں  مٹھائیاں تقسیم کیں۔ صدر ٹی پی سی سی اے ریونت ریڈی ایم پی نے کھرگے کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی صدر کے الیکشن میں ملکارجن کھر گے کی کامیابی جمہوریت کی جیت ہے۔

ان کی قیادت میں کانگریس پارٹی مزید طاقت ور ہوگی۔ سی ایل پی قائد بھٹی وکرامارکہ نے کھر گے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ کانگریس کے صدارتی عہدہ کیلئے منعقدہ الیکشن میں کھر گے کی شاندار کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کانگریس پارٹی،ملک کی واحد جمہوری پارٹی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ملکارجن کھر گے ایک سینئر اور تجربہ کار سیاستداں ہیں۔ صدر کے عہدے پر ان کے انتخاب کے بعد کانگریس پارٹی سارے ملک میں بنیادی سطح سے مضبوط ہوگی۔

 ڈاکٹر ملوروی سابق ایم پی، سابق وزیر محمد علی شبیر نے جو صدارتی انتخاب میں کھرگے کے الیکشن ایجنٹ تھے، کھرگے کی کامیابی کو جمہوریت کی جیت قرار دیا اور کہا کہ نئے صدر کی حیثیت سے کھرگے، کانگریس پارٹی کو بنیادی سطح پر مضبوط کرتے ہوئے پارٹی کو کامیابی کی بلندیوں پر پہنچائیں گے۔

 سینئر قائد وی ہنمنت راؤ نے اپنے بیان میں کھرگے کی کامیابی پر اظہار مسرت کیا اور کہا کہ کھرگے کی کامیابی سے پارٹی کارکنوں میں نیا جوش وجذبہ پیدا ہوگا۔

کارگزار صدر انجن کمار یادو نے ملکارجن کھرگے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی سرپرستی میں کھرگے کانگریس پارٹی کو سارے ملک میں بنیادی طور پر مضبوط ومستحکم بنائیں گے۔  کانگریس تشہیری کمیٹی کے چیرمین مدھویا شکی گوڑ نے اے آئی سی سی کے صدارتی انتخاب  میں کامیابی پر ملکارجن کھرگے کو مبارکباد پیش کی۔

سینئر نائب صدر ظفر جاوید، چیرمین مائنا ریٹی ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل، سینئر قائد سمیر ولی اللہ، سید عظمت اللہ حسینی، سید نظام الدین، عثمان الہاجری (انچارج کاروان) نے اے آئی سی سی صدر کے عہدہ پر ملکارجن کھر گے کی شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی ہے کہ کھرگے کی قیادت میں پارٹی مضبوط ہوگی اور تمام طبقات بشمول اقلیتوں کو انصاف ملے گا۔