حیدرآباد

نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کے لیے تلنگانہ حکومت سرگرم

اسپیکر گڈم پرساد کمار نے کہا کہ اسمبلی نے کمیٹی کو یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ بل کا تفصیلی جائزہ لے اور مناسب سفارشات کے ساتھ اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کرے۔

حیدرآباد :  تلنگانہ نفرت انگیز تقاریر اور نفرت پر مبنی جرائم (انسداد) بل، 2026 کا جائزہ لینے کے لیے تشکیل دی گئی سلیکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس ہفتہ کے روز تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں اسپیکر کے چیمبر میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں اسمبلی کے اسپیکر گڈم پرساد کمار، سلیکٹ کمیٹی کے چیئرمین اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، نیز کمیٹی کے ارکان دانم ناگیندر، کووا لکشمی، گاوِنولا مدھوسودن ریڈی، تھوٹا لکشمی کانتھا راؤ، کووّم پلی ستیہ نارائنا، مامڈالا یشسونی، کونیتی مانک راؤ، کونامنینی سمبشیوا راؤ اور احمد بن عبدالباری نے شرکت کی۔

کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر گڈم پرساد کمار نے کہا کہ اسمبلی نے کمیٹی کو یہ ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ بل کا تفصیلی جائزہ لے اور مناسب سفارشات کے ساتھ اپنی رپورٹ ایوان میں پیش کرے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ کمیٹی مجوزہ قانون کا جامع اور غیر جانبدارانہ جائزہ لے کر اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے انجام دے گی اور معروضی بنیادوں پر اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔

سلیکٹ کمیٹی کے چیئرمین اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ کمیٹی اجتماعی طور پر ایسی سفارشات تیار کرے گی جو معاشرے کے مفاد میں ہوں اور مستقبل کے لیے ایک مؤثر قانونی ڈھانچہ فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں تجربہ کار ارکان شامل ہیں، اس لیے تمام فیصلے باہمی اتفاقِ رائے سے کیے جائیں گے۔

وزیر نے مزید بتایا کہ کمیٹی باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرے گی اور اپنی رپورٹ جلد از جلد اسپیکر کو پیش کرے گی۔