تلنگانہ

تلنگانہ اوپن اسکول سوسائٹی نے اوپن ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا اعلان کردیا

گزشتہ اوپن ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ناکام ہونے والے یا پہلے فیس جمع کرانے کے باوجود امتحان میں شریک نہ ہونے والے امیدوار بھی دوبارہ فیس ادا کر کے امتحان دے سکتے ہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ اوپن اسکول سوسائٹی (TOSS) نے اعلان کیا ہے کہ اوپن ایس ایس سی (دسویں) اور اوپن انٹرمیڈیٹ کے امتحانات اکتوبر میں منعقد کیے جائیں گے۔ ٹی او ایس ایس کے ڈائریکٹر کے لنگیا نے ایک پریس نوٹ میں بتایا کہ امیدوار امتحانی فیس یکم اگست سے 17 اگست تک بغیر کسی جرمانے کے جمع کرا سکتے ہیں۔

 جبکہ 18 سے 24 اگست تک فی پرچہ 25 روپے اور 25 سے 29 اگست تک فی پرچہ 50 روپے جرمانے کے ساتھ فیس وصول کی جائے گی۔

اس کے علاوہ 30 اگست سے 2 ستمبر تک تتکال کے تحت بھی فیس جمع کرانے کی سہولت رہے گی۔ فیس تلنگانہ اوپن اسکول سوسائٹی کی ویب سائٹ، ٹی جی آن لائن (TG Online) یا می سیوا مراکز کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہے۔

گزشتہ اوپن ایس ایس سی اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ناکام ہونے والے یا پہلے فیس جمع کرانے کے باوجود امتحان میں شریک نہ ہونے والے امیدوار بھی دوبارہ فیس ادا کر کے امتحان دے سکتے ہیں۔

 ٹی او ایس ایس نے طلبہ کو ہدایت دی ہے کہ امتحانات کے ٹائم ٹیبل اور دیگر تازہ معلومات کے لیے باقاعدگی سے سرکاری ویب سائٹ ملاحظہ کرتے رہیں۔

ساتھ ہی واضح کیا گیا ہے کہ چالان یا ڈیمانڈ ڈرافٹ (DD) کے ذریعے فیس قبول نہیں کی جائے گی اور سرکاری تعطیلات کے دن فیس وصول نہیں ہوگی۔