تلنگانہ کا راجنا سرسلہ سیاسی جماعتوں کے جھنڈوں کی تیاری کیلئے مشہور،ملک کے کئی مقامات سے آرڈرس ملے
راجنا سرسلہ ضلع کسی بھی پارٹی کے جھنڈوں کی تیاری کے لیے مشہور ہے کیونکہ یہاں تیار ہونے والے جھنڈے سستے داموں دستیاب کروائے جاتے ہیں۔اس سے بالواسطہ طور پر ہزاروں افرادکو روزگار حاصل ہوتا ہے۔

حیدرآباد: الیکشن آتے ہی سیاسی جماعتوں کے جھنڈوں کی تیاری کا کام تیزی سے شروع ہوجاتا ہے۔ اب جبکہ پانچ ریاستوں میں انتخابات ہو رہے ہیں،مختلف جماعتیں اپنے جھنڈوں کی تیاری کے لئے تلنگانہ کے راجنا سرسلہ سے رجوع ہورہی ہیں،جس سے خواتین کے علاوہ کئی افراد کو روزگار حاصل ہوتا ہے۔
راجنا سرسلہ ضلع کسی بھی پارٹی کے جھنڈوں کی تیاری کے لیے مشہور ہے کیونکہ یہاں تیار ہونے والے جھنڈے سستے داموں دستیاب کروائے جاتے ہیں۔اس سے بالواسطہ طور پر ہزاروں افرادکو روزگار حاصل ہوتا ہے۔
ان جھنڈوں کی تیاری کا کام کرنے والوں نے کہاکہ فی الحال پانچ ریاستوں سے جھنڈوں کی تیاری کے آرڈر آچکے ہیں تاہم ان کے پاس ان کی تیاری کے لیے ضروری افرادی قوت دستیاب نہیں ہے۔
ان کاریگروں نے کہاکہ ہم پارٹیوں کے جھنڈے تو بہت تیار کرتے ہیں لیکن جب انتخابات آتے ہیں توان کی مانگ میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے ساتھ ساتھ تلنگانہ، مدھیہ پردیش،مغربی بنگال سے بھی جھنڈوں کی تیاری کے آرڈرملے ہیں۔
علاوہ ازیں چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ سے بھی آرڈرس کے کالس موصول ہوچکے ہیں۔جھنڈوں کی تیاری میں مصروف بعض افراد کا کہنا ہے کہ وہ بیڑیاں بنانے کاکام قبل ازیں کیاکرتے تھے۔
کم آمدنی ہونے کی وجہ سے وہ معاشی طور پر پریشان تھے‘ ان کا کہنا ہے کہ جھنڈوں کی تیاری پر انہیں صرف چند دنوں کا روزگار ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ایم سی،کانگریس، بی جے پی، تلگودیشم،بی آرایس سے بھی آرڈرس مل رہے ہیں۔جو بھی آرڈر ملتے ہیں اس کو پورا کرنے کیلئے وہ مسلسل کام کررہے ہیں۔
پرنٹنگ حیدرآباد میں ہوتی ہے تاہم کپڑے کی جہاں تک بات ہے سرسلہ میں کپڑے کی تیاری کا کام کیاجاتا ہے۔ہندوستان میں کسی بھی مقام پر اس طرح کم قیمت پر کام نہیں کیاجاتا۔اسی لئے تمام ریاستوں سے آرڈرس یہاں آتے ہیں۔