کرناٹک

پہلگام میں دہشت گردوں نے مذہب نہیں پوچھا ہوگا۔ کرناٹک کے وزیر آبکاری کے ریمارک پر تنازعہ

کرناٹک کے وزیر آبکاری آربی تماپور نے اتوار کے دن یہ کہتے ہوئے تنازعہ پیدا کردیا کہ اُن کے خیال میں جموں وکشمیر کے پہلگام میں سیاحوں کو گولی مارنے والے دہشت گردوں نے اُن کا مذہب نہیں پوچھا ہوگا۔

بنگلورو (آئی اے این ایس) کرناٹک کے وزیر آبکاری آربی تماپور نے اتوار کے دن یہ کہتے ہوئے تنازعہ پیدا کردیا کہ اُن کے خیال میں جموں وکشمیر کے پہلگام میں سیاحوں کو گولی مارنے والے دہشت گردوں نے اُن کا مذہب نہیں پوچھا ہوگا۔

میڈیا سے بات چیت میں اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ اُن کے خیال میں گولی مارتے وقت دہشت گردوں نے سیاحوں سے اُن کے مذہب کے بارے میں نہیں پوچھا۔ اُنہوں نے دلیل دیتے ہوئے کہاکہ گولیاں چلانے والا دہشت گرد کسی کا دھرم یا ذاتی کیسے پوچھ سکتا ہے؟۔ وہ صرف لوگوں کو ہلاک کرکے چلا جاتا ہے۔

سوچ عملی ہونی چاہئے۔ دہشت گرد نہ تو ٹہرسکتے ہیں اور نہ کسی کا دھرم پوچھ کر گولی چلاسکتے ہیں۔ اُنہوں نے کہاکہ سارا ملک اس حملہ پر پریشان ہے۔ سارے واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔

تماپور نے کہاکہ اگر دہشت گردوں نے مذہب پوچھا ہوگا تب بھی مسئلہ کو سیاسی اور مذہبی رنگ دینے کی کوشش نہیں کرنا چاہئے۔ تاہم چیف منسٹر سدارامیا جنہوں نے انٹلیجنس کی ناکامی کی بات کہی تھی بعد ازاں پاکستان سے جنگ نہیں کا ریمارک کرکے اتوار کے دن تنازعہ میں گھر گئے۔

اُنہوں نے کہاکہ جنگ ناگزیر ہونے کی صورت میں ہی کی جانی چاہئے۔ اُنہوں نے کہاکہ پاکستان آج دیوالیہ ہوچکا ہے۔ اُس کے پاس گنوانے کیلئے کچھ بھی نہیں۔ لہٰذا اُبھرتی عالمی طاقت ہندوستان کو احتیاط سے قدم بڑھانا ہوگا۔ پاکستانی میڈیا نے جیسے ہی سدارامیا کے اِس تبصرہ کو اُچھالا کرناٹک بی جے پی نے یہ کہتے ہوئے چیف منسٹر پر تنقید کی کہ وہ دشمن ملک کی کٹ پتلی جیسا کام کررہے ہیں۔

ایکس پر پوسٹ میں ریاستی اسمبلی میں قائد اپوزیشن آر اشوک نے پاکستانی نیوز چینل کا وہ ویڈیو شیئر کیا جس میں چیف منسٹر سدارامیا کا بیان دکھایاگیا۔ اُنہوں نے سدارامیا کو ’پاکستان رتن‘ قراردیتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر سدارامیا آپ اپنے بچکانہ بیان کی وجہ سے راتوں رات پاکستان میں مشہورہوگئے۔