ہنومان گڑھی کے صدر پجاری 70 سال میں پہلی مرتبہ مندر سے باہر نکلیں گے
ہنومان گڑھی مندر کے صدرپجاری 30 اپریل (اکشے تیرتیہ)کو پہلی مرتبہ اپنے گھر سے باہر نکلیں گے اور قریب میں واقع رام مندر جائیں گے۔

ایودھیا (پی ٹی آئی) ہنومان گڑھی مندر کے صدرپجاری 30 اپریل (اکشے تیرتیہ)کو پہلی مرتبہ اپنے گھر سے باہر نکلیں گے اور قریب میں واقع رام مندر جائیں گے۔
گدی نشین مہنت پریم داس 70 سال کے ہیں اور وہ ایودھیا میں 20 بیگھہ زمین پر پھیلے مندر سے کبھی بھی باہر نہیں نکلے۔ صدیوں پرانی روایت ہے کہ گدی نشین اپنی زندگی میں کبھی بھی مندر سے باہر نہیں جاتا۔
ایودھیا کے رہنے والے پرجول سنگھ نے پی ٹی آئی سے کہاکہ 18ویں صدی میں مندر کے قیام کے بعد سے چلی آرہی روایت اتنی سخت ہے کہ گدی نشین مقامی عدالت میں تک حاضری نہیں دے سکتا۔ مہنت پریم داس نے رام مندر جانے کی خواہش ظاہر کی ہے جس کی وجہ سے یہ روایت ٹوٹ رہی ہے۔
اُنہوں نے نروانی اکھاڑہ کے پنچوں سے اپنی خواہش کی ظاہر کی جنہوں نے متفقہ طورپر اجازت دے دی۔ 30 اپریل کو گدی نشین ایک جلوس کی قیادت کریں گے جس میں ہاتھی، گھوڑے اور اونٹ ہوں گے۔ یہ جلوس ہنمان گڑھی تا رام مندر جائے گا اور اکھاڑہ کا نشان اپنے ساتھ لے جائے گا۔
صدرپجاری کے ساتھ ناگاسادھو بھی ہوں گے۔ جلوس شام 7بجے دریائے سریو کے کنارے پہنچے گا اور اشنان کے بعد رام مندر کی طرف جائے گا۔