اسرائیلی فوج کا غزہ شہر کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لینے کا دعویٰ
اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے اعلان کیا ہے کہ غزہ شہر کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
تل ابیت: اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے اعلان کیا ہے کہ غزہ شہر کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق ہگاری نے کہا کہ اسرائیلی افواج نے غزہ شہر کا محاصرہ مکمل کر لیا ہے اور ہمارا مقصد حماس کی تحریک کو ختم کرنا ہے۔ دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ غزہ اسرائیل کے لیے ایک لعنت ہو گا۔
جمعرات کو لڑائی کے 27 ویں روز فریقین میں حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں۔ غزہ میں فلسطینیوں کی شھادتیں 9061 ہوگئی ہیں۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا تھا کہ ان کی افواج غزہ شہر میں پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ فوجی حماس کے جنگجوؤں کے ساتھ شدید لڑائی میں مصروف ہیں اور دو بدو لڑائی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوجیوں کا سامنا بندوق برداروں سے ہوا جنہوں نے گھات لگا کر حملہ کرنے کی کوشش کی اور کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی لڑائی کے بعد ان میں سے متعدد مارے گئے۔ ہارٹز اخبار نے جمعرات کو اسرائیلی چیف آف سٹاف ہرٹز ہیلیوی کے حوالے سے کہا کہ اسرائیل غزہ میں اپنی فضائی قوت کا نصف سے بھی کم استعمال کر رہا ہے۔
ہیلیوی نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر ہم دوسرے محاذوں پر حملہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اسرائیلی افواج غزہ شہر کی سرزمین پر موجود ہیں اور کئی اطراف سے اس کا محاصرہ کر رہی ہیں۔ ہیلیوی نے کہا جب ہسپتال ختم ہو جائیں گے تو ہم غزہ کے زیر کنٹرول ایندھن کی منتقلی کی اجازت دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایک ہفتہ سے زیادہ پہلے بتایا گیا تھا کہ ہسپتال کا ایندھن کل ختم ہو جائے گا اور یہ ابھی تک ختم نہیں ہوا ہے۔ ہم دیکھیں گے کہ وہ دن کب آئے گا اور اس کے بعد ہم سب کچھ کریں گے تاکہ یہ حماس تک نہ پہنچے اور اس ایندھن کو جنگی مقاصد کے لیے استعمال نہ کیا جا سکے۔
جمعرات کو اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ غزہ میں اپنی کارروائی کو مزید تیز کر رہے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اشارہ کیا کہ ہم طے شدہ منصوبوں کے مطابق غزہ میں پیش قدمی جاری رکھیں گے۔ حماس کے زیر حراست قیدیوں کے بارے میں انھوں نے کہا کہ ہم نے غزہ میں اغوا کیے گئے 242 افراد کے اہل خانہ کو مطلع کردیا ہے۔
اسرائیلی افواج نے دن اور رات مختلف اوقات میں غزہ میں اپنے اہلکاروں کی تعیناتی اور غزہ کی پٹی پر محدود حملے کے مختلف ویڈیو کلپس شائع کیے۔
غزہ پر زمینی آپریشن میں اسرائیلی فوج کی اعلان کردہ ہلاکتوں کی تعداد 17 ہو گئی۔ فوج نے جمعرات کو شمالی غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائی کے دوران اپنے ایک اسرائیلی افسر کی ہلاکت کا اعلان کیا۔