انٹرٹینمنٹ

سلمان خان کو دھمکی آمیز میل، جودھپور کا ایک شخص حراست میں

ممبئی پولیس نے بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو دھمکی آمیز میل روانہ کرنے پر راجستھان کے جودھ پور سے ایک 21سالہ شخص کو حراست میں لے لیا۔

جئے پور: ممبئی پولیس نے بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کو دھمکی آمیز میل روانہ کرنے پر راجستھان کے جودھ پور سے ایک 21سالہ شخص کو حراست میں لے لیا۔

متعلقہ خبریں
سلمان خان کو چیف منسٹر شنڈے کا فون
ہند۔پاک مقابلہ میں ٹائیگر کی دھاڑ گونجے گی
کلرس ٹی وی نے ’بگ باس 17‘ کی ابتدائی تاریخ کا اعلان کردیا
سلمان خان کو دھمکی آمیز ای میل لارنس بشنوئی کیخلاف کیس درج

اس شخص کی شناخت دھاکڑ رام بشنوئی کی حیثیت سے کی گئی۔ ملزم نے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے والد کو بھی دھمکی دی تھی، اسی لیے پنجاب کی پولیس ٹیم بھی حال ہی میں جودھ پور میں موجود تھی۔

پولیس عہدیداروں نے کہا کہ ممبئی پولیس نے دھاکڑ کا انٹرنیٹ آئی پی ایڈریس ملنے کے بعد تکنیک کی مدد سے اس کے محل و قوع کا پتا لگایا جو جودھ پور ضلع کے لونی موضع میں تھا۔ باندرا سرکل ممبئی سٹی پولیس اسٹیشن نے اداکار سلمان خاندان کو ای میل کے ذریعہ قتل کی دھمکی دینے پر ملزم کے خلاف کیس درج کیا۔

اس ضمن میں اے ایس آئی بجرنگ جگتاپ کی قیادت میں ممبئی کی ایک ٹیم اتوار کو جودھپور پہنچی۔ جودھ پور کے کمشنر روی دت گور کی ہدایت پر لونی پولیس اسٹیشن (جودھ پور) سے اے ڈی سی پی بورانڈا جئے پرکاش اٹل کی نگرانی میں مدد دستیاب کرائی۔

ڈی سی ویسٹ گورو یادو نے یہ اطلاع دیتے ہوئے مزید کہا کہ پنجاب کے گلوکارسدو موسے والا کے والد کو بھی حال ہی میں جودھ پور کے ملزم دھاکڑ رام بشنوئی نے دھمکی دی۔ پنجاب کے مانسا ضلع کے صدر پولیس اسٹیشن کی ٹیم ملزم کو گرفتار کرنے جمعہ کو جودھپور پہنچی تھی۔ لونی کے ایس ایچ او ایشور چندرا پریک کی ٹیم نے ملزم دھاکڑ رام بشنوئی کوحراست میں لے کر ممبئی پولیس کے حوالے کردیا۔

ملزم پہلے اسلحہ قانون کے تحت بھی گرفتار ہوچکا ہے۔ 12/ ستمبر 2022 کو پولیس اسٹیشن صدر پورہ کی ٹیم نے دھاکڑ کوغیرقانونی ہتھیاروں کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ پولیس عہدیداروں نے کہا کہ دھاکڑ نے گینگسٹر لارینس بشنوئی کا مددگار گولڈی برار بن کر ای میل بھیجا۔

گینگسٹر بشنوئی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اس کا ہدف سلمان خان کا خاتمہ ہے جس کے بعد یہ دھمکی آمیز مکتوب بھیجا گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ معاملہ اسی وقت ختم ہوگا جب خان بشنوئی طبقہ سے کالے ہرن کے مبینہ قتل کے لیے معافی مانگیں گے جسے معدوم نسل کا ہونے کی وجہ سے تحفظ جنگلی حیات قانون کے تحت تحفظ حاصل ہے۔