گھر کے اندر دھماکے سے دو خواتین کی موت
قریبی مکینوں کا دعویٰ ہے کہ دھماکہ گھر میں رکھے گئے بارود سے ہوا کیونکہ دھماکے کے بعد بارود کی بدبو پھیلی تھی۔
مورینا: مدھیہ پردیش کے مورینا میں ایک مکان کے اندر زبردست دھماکے میں ملبے تلے دب کر دو خواتین کی موت ہو گئی، جب کہ تقریباً نصف درجن لوگ شدید زخمی ہو گئے۔
پیر اور منگل کی درمیانی شب پیش آنے والے اس ہولناک حادثے کے بعد مکان کے ملبے تلے ماں بیٹی کے دبنے کا خدشہ ہے۔ زخمیوں میں سے پانچ کو ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد ضلع اسپتال سے گوالیار ریفر کر دیا ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سی بی پرساد نے آج یہاں بتایا کہ راٹھور کالونی میں منشی راٹھور کے گھر میں آدھی رات کو اچانک دھماکہ ہوا، جس کی وجہ سے آس پاس کے تقریباً چار سے پانچ مکانات منہدم ہو گئے۔
دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولس انتظامیہ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور جے سی بی مشین کی مدد سے رات کو ہی جنگی پیمانے پر مکان کا ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملبے سے دو خواتین کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جب کہ دو خواتین کے دبے ہونے کا بھی امکان ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے نصف درجن افراد میں سے پانچ کو گوالیار ریفر کر دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کی وجہ کی ابھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
قریبی مکینوں کا دعویٰ ہے کہ دھماکہ گھر میں رکھے گئے بارود سے ہوا کیونکہ دھماکے کے بعد بارود کی بدبو پھیلی تھی۔
اس سے قبل بھی گزشتہ ماہ اکتوبر میں اسلام پورہ کے ایک مکان میں زور دار دھماکے کے نتیجے میں ماں بیٹی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئی تھیں۔
پٹاخوں کی وجہ سے دھماکہ ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا۔ اس معاملے میں انکوائری کمیٹی کی رپورٹ ابھی تک نہیں آئی۔