حیدرآبادسوشیل میڈیا
ٹرینڈنگ

گڈی ملکاپور کی غیر آباد مسجد کی صفائی پر دو نوجوان گرفتار

گڈی ملکاپور کی غیر آباد مسجد میں داخلہ پر 2 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا جس کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے اس علاقہ میں دو فرقوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

حیدر آباد: گڈی ملکاپور کی غیر آباد مسجد میں داخلہ پر 2 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا جس کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے اس علاقہ میں دو فرقوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

وقف بورڈ انسپکٹر نے مسجد کا معائنہ کیا اور کل پولیس میں شکایت درج کروائی جائے گی۔ ذرائع کے بموجب گڈی ملکاپور مارکٹ میں واقع 450 سالہ قدیم قطب شاہی مسجد غیر آباد ہے۔ جہاں دوسری عبادت گاہ سے راستہ مسجد کو جاتا ہے اور اس غیر آباد مسجد میں غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہیں۔

یہاں پر شراب، گانجہ اور بھی غلط حرکتیں کی جاتی ہیں۔ آج مسجد کی صفائی کے لئے عرفات ساکن ٹولی چوکی اور بابو میاں ساکن مراد نگر پہنچے تھے۔ انہوں نے مسجد کو آباد کرنے کی غرض سے ویڈیو بنائی تھی۔

اس دوران چندرا کلاریڈی انڈومنٹ ڈپارٹمنٹ کے جونیئر اسسٹنٹ نے گڈی ملکاپور پولیس میں شکایت کی یہاں مندریں ہیں کچھ لوگ امن میں خلل پیدا کررہے ہیں۔ اس پر پولیس نے دونوں نوجوانوں کے خلاف دفعات 505(2),253,448 R/W34IPC کے تحت مقدمہ درج کرلیا اور عرفات اور بابو میاں کو گرفتار کیا گیا۔

اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مجلس اتحاد المسلمین کے کارکن، کانگریس پارٹی کے قائد عثمان الہاجری بھی مسجد پہنچ گئے۔ دوسری جانب سے بی جے پی پارٹی کے کارکن بھی جمع ہوگئے۔ اس دوران وقف بورڈ انسپکٹران سید جلیل احمد اور محمد عبدالحکیم نے یہاں پہنچ کر مسجد کا جائزہ لیا۔

بعد ازاں انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہاں قدیم مسجد ہے، اس کے علاوہ 4 مساجد اور بھی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تالاگڈہ، گڈی ملکاپور، ٹپہ چبوترہ اور امام پورہ میں جملہ 5 مساجد غیر آباد ہیں۔

اِن مساجد کی بے حرمتی کی جارہی ہے۔ وقف بورڈ کی جانب سے مسجد کے دستاویزات کے ساتھ پولیس میں کل شکایت درج کروائی جائے گی۔ گڈی ملکاپور انسپکٹر مجیب الرحمن نے بنا تحقیقات کے 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔