کھیل

ایشین گیمز 2026، ناگویا میں مشعل ریلے کا افتتاح

20ویں ایشین گیمز 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک ہوں گے، جن میں 43 کھیلوں میں ایشیا کے 45 ممالک اور خطوں کے ایتھلیٹس شرکت کریں گے

ٹوکیو :   آئندہ ماہ ہونے والے آیچی-ناگویا ایشین گیمز کے لیے مشعل ریلے ہفتہ کو ناگویا قلعے سے شروع ہوگئی۔ تین بار کی اولمپک ریسلنگ چیمپئن ساؤری یوشیدا نے ریلے کے ابتدائی مرحلے میں مشعل لے کر شرکت کی۔

ریل کے آغاز سے قبل ٹوکیو، ہیروشیما اور ناگویا میں روشن کی گئی تین شعلوں کو یکجا کرکے ایشین گیمز کی باضابطہ مشعل تیار کی گئی۔ جاپان کی سابق فٹبال اسٹار ہومارے ساوا اور سابق ٹینس کھلاڑی کیمیکو ڈیٹ نے ٹوکیو کے نیشنل اسٹیڈیم اور بعد ازاں ہیروشیما میں روشن کی گئی آگ کو ناگویا پہنچایا، جہاں دونوں شعلوں کو ایشین گیمز کی مشعل کے لیے یکجا کیا گیا۔

چار ایشین گیمز میں شرکت کرکے طلائی تمغہ جیتنے والی یوشیدا نے کہا کہ یہ کھیل ان کے لیے خاص یادیں رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق ہر مشعل بردار کے جذبات ایشین گیمز میں حصہ لینے والے ایتھلیٹس کو طاقت دیں گے۔

اس کے بعد مشعل مقامی مشعل برداروں کے حوالے کردی گئی اور اسے وسطی ناگویا کے مختلف مقامات سے گزارا گیا۔

20ویں ایشین گیمز 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک ہوں گے، جن میں 43 کھیلوں میں ایشیا کے 45 ممالک اور خطوں کے ایتھلیٹس شرکت کریں گے۔ جاپان تیسری بار ایشین گیمز کی میزبانی کرے گا۔