کیا مودی چین کے ساتھ ڈسکو ڈانس کررہے تھے: اسداویسی
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسدالدین اویسی نے وزیراعظم نریندرمودی کے اس ریمارک پر تنقید کی کہ ”اپوزیشن ووٹ بینک کیلئے مجراکررہی ہے“۔
حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسدالدین اویسی نے وزیراعظم نریندرمودی کے اس ریمارک پر تنقید کی کہ ”اپوزیشن ووٹ بینک کیلئے مجراکررہی ہے“۔
انہوں نے کہا کہ کیا وزیراعظم چین کے ساتھ ڈسکو ڈانس کررہے تھے جب اس کی افواج نے ہندوستان کے 2000 مربع کیلو میٹر علاقہ پر قبضہ کرلیا تھا۔
حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے بہار کے پاٹلی پتر لوک سبھا حلقہ میں اتوار کے روز ایک انتخابی جلسہ سے اپنے خطاب کا ویڈیو کلپ شیئر کیا اور اسی علاقہ میں گزشتہ ہفتہ کئے گئے وزیراعظم کے الفاظ کی یاددہانی کرائی جس میں انہوں نے اپوزیشن پر مسلمانوں کیلئے مجرا کرنے کا الزام لگایا تھا تاکہ وہ جہاد کرسکیں۔
انہوں نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا نریندرمودی جی آپ نے مجرا کے بارے میں بات کی ہے لہٰذا اسدالدین اویسی آپ سے یہ پوچھنا چاہتا ہے کہ گزشتہ تین سال سے چین نے ہندوستانی سرزمین کے 2000 مربع کیلو میٹر علاقہ پر قبضہ کررکھا ہے۔
مودی جی آپ چین کو نہیں ہٹارہے ہیں تو کیا آپ چین کے ساتھ ڈسکو ڈانس کررہے تھے؟ اویسی نے کہا کیا کسی وزیراعظم کو ایسی زبان بولنے چاہئے کیا مودی یہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے منہ میں زبان نہیں ہے۔ تو انہوں نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون مسلمانوں کو بیدخل کرنے کیلئے لایا گیا اور اس مسئلہ پر مودی بھنگڑا کرتے رہے۔
دھرم سنسد (ہندو اجتماعات) میں بھی مسلمانوں کے خلاف ہر طرح کے جارحانہ تبصرے کئے گئے۔ خاص طور پر ہماری ماؤں اور بہنوں کے بارے میں۔ لیکن مودی اس مسئلہ پر بھرت ناٹیم کرتے رہے۔ وزیراعظم مودی نے چند دن پہلے تحفظات کے مسئلہ پر انڈیا بلاک کو نشانہ تنقید بنایا تھا اور اس پر مسلم ووٹ بینک کی غلامی اور ان کے لئے مجرا کرنے کا الزام لگایا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں بہار کو یہ گارنٹی دے رہا ہوں کہ جب تک مودی زندہ ہے، میں انہیں ایس سی، ایس ٹی اور اوبی سی برادریوں کے حقوق چھیننے نہیں دوں گا۔ مودی کے لئے دستور ہی سب سے بالاتر ہے۔
بابا صاحب امبیڈکر کے جذبات سب سے عظیم ہیں اگر انڈیا اتحاد اپنے ووٹ بینک کی غلامی کرنا چاہتا ہے تو وہ ایسا کرنے کیلئے آزاد ہیں۔ اگر وہ مجرا کرنا چاہتے ہیں انہیں ایسا کرنے کی پوری آزادی حاصل ہے۔ میں ایس سی، ایس ٹی اور اوبی سی تحفظات کا ساتھ دوں گا۔ جب تک جان ہے لڑتا رہوں گا۔