کھیل

باکسنگ میں نیتوگھنگھاس اور امیت پنگھل کو گولڈ میڈل

برمنگھم میں 22 ویں کامن ویلتھ گیمز کا 10 واں دن ہندوستان کیلئے شاندار رہا۔ ہندوستان نے باکسنگ میں دو گولڈ میڈل جیتے ہیں۔

برمنگھم: برمنگھم میں 22 ویں کامن ویلتھ گیمز کا 10 واں دن ہندوستان کیلئے شاندار رہا۔ ہندوستان نے باکسنگ میں دو گولڈ میڈل جیتے ہیں۔ نیتو گھنگھاس (48 کلو گرام) اور امیت پنگھل (51 کلوگرام) نے اپنے اپنے وزن کے زمرہ میں گولڈ میڈلس حاصل کئے۔

اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے مردوں کے ٹرپل جمپ مقابلہ میں گولڈ اور سلور دونوں میڈلس جیت لئے۔ ہندوستان کے ایلڈوس پال نے 17.03 میٹر کی چھلانگ لگاکر گولڈ میڈل جیتا جبکہ عبداللہ ابوبکر نے 17.02 میٹر کی چھلانگ لگاکر سلور میڈل حاصل کیا۔

دولت مشترکہ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ دو ہندوستانی کھلاڑیوں نے مردوں کی ٹرپل جمپ میں گولڈ اور سلور دونوں میڈلس جیتے ہیں۔ فائنل میں نیتو نے انگلینڈ کی ڈیمی جیڈ کو 5-0 سے ہرایا۔ امیت نے بھی انگلینڈ کے میکڈونلڈ کو 5-0 سے ہرایا۔

ان کے علاوہ باکسر نکہت زرین (50KG) اور ساگر اہلوت (92KG) بھی گولڈ میڈل کیلئے آج مقابلہ کریں گے۔ ہندوستان کے پاس موجودہ سیزن میں 16 گولڈ ہیں۔ ان کے مجموعی تمغوں کی تعداد 45 ہوگئی ہے۔ ہندوستان کے حصے میں ابھی تک بھی 12 سلور اور 17 برانز میڈلس بھی آئے ہیں۔

ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم نے کانسی کا تمغہ جیت لیاہے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کو ایک سخت مقابلہ میں پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 2-1 سے شکست دی۔ مقررہ وقت میں میچ 1-1 کی برابری پر ختم ہوا۔ ان کھیلوں میں خواتین کی ہاکی میں یہ ہندوستان کا پہلا برانز میڈل ہے۔

ٹیم اب تک ایک گولڈ (2002) اور ایک چاندی (2006) جیت چکی ہے۔ مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں ایک ایک سے مساوی تھی۔ ہندوستان کیلئے سلیمہ ٹیٹے نے واحد گول کیا۔

اسی دوران پی وی سندھو فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ سندھو نے خواتین کے سنگلز سیمی فائنل مقابلے میں سنگاپور کی جیا من یو کو راست سیٹوں میں 21-19، 21-17 سے شکست دی۔ اسی دوران تجربہ کار ریس واک اتھلیٹ سندیپ کمار پونیا نے مردوں کی 10 کیلومیٹر واک میں برانز میڈل جیت کر تاریخ رقم کی۔

سنیدپ 10 ہزار میٹر ایونٹ میں بہترین کارکردگی کے ساتھ تیسرے مقام پر رہے۔ پونیا 4 کیلومیٹر تک پہلے مقام پر رہے جس کے بعد ان کی رفتار کم ہوگئی تاہم وہ پوڈیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ اسی دوران انو رانی نے اتوار کو برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کے جیولین تھرو ایونٹ میں برانز میڈل جیت کر تاریخ رقم کی۔

a3w
a3w